اختلافات اور نفاق کا راستہ روکنے کے لئے سب سے بہترین ہتھیار پیغام وحدت ہے علامہ ظہیر نقوی
شیعت نیوز ؛ وحدت کا پیغام عالمی سطح پر متعارف ہوچکا ہے اور دنیا کے گوشہ و کنار سے شیعہ و سنّی علمائے کرام اور دانشورں کی تہران میں ہونے والی اکتیسویں عالمی وحدت اسلامی کانفرنس میں شرکت، وحدت کے عالمی سطح پر عملی ہونے کی محکم دلیل ہے۔
امریکہ سے نشر ہونے والے ولایت اردو ٹی وی چینل کے منظم اور امریکہ میں مقیم برصغیر کے نامور عالم دین علامہ سید ظہیرنقوی نے اکتیسویں عالمی وحدت اسلامی کانفرنس کے دوران ہمارے نمائندے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ وحدت اسلامی کا پیغام عالمی سطح پر متعارف ہوچکا ہے اور یورپ اور امریکہ میں مقیم اسلامی برادری اتحاد ویکجہتی کو عالمی سامراج کے مقابلے میں مسلم امہ کی کامیابی کا راز سمجھتی ہے۔
امریکہ سے آئے ہوئے معروف عالم دین علامہ ظہیر نقوی کا کہنا تھا کہ مجھے اکتیسویں عالمی وحدت اسلامی کانفرنس میں شرکت کر کے ایسا محسوس ہورہا ہے کہ وحدت کا پیغام مسلم امہ میں عام ہوچکا ہے، انہوں نے کہا کہ تہران کانفرنس کے گروپ ڈسکشن کے موضوع بھی ایسے ہیں جن کے ذریعے وحدت اسلامی کی سوچ کو نئی راہیں ملیں گی۔
اردو زبان ولایت ٹی وی چینل کے منتظم نے کہا آج کا دور میڈیا کا دور ہے اور سامراجی سوچ اور افکار و نظریات کے حامل ذرائع ابلاغ اپنی پوری طاقت و توانائی سے معاشروں میں نفاق اور تنازعات پیدا کرنے کے لئے میڈیا کو استعمال کررہے ہیں اس درمیان آزاد منشن افراد کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اختلافات اور تنازعات کو ہوا دینے کے مقابلے میں آگے آئیں اور سامراج کے تسلط کے حامل ذرائع ابلاغ کا بھر پور طریقے سے جواب دیں اور امن و دوستی کے پیغام کو عام کریں۔
علامہ ظہیر نقوی نے کہا کہ اختلافات اور نفاق کا راستہ روکنے کے لئے سب سے بہترین ہتھیار پیغام وحدت ہے اور عالمی وحدت اسلامی کانفرنس میں شریک دنیا بھر سے آئے ہوئے علمائے کرام اور دانشور حضرات حقیقی معنوں میں امن و دوستی اور وحدت کے سفیر ہیں اور مجھے یقین ہے کہ امن و دوستی اور وحدت کا پیغام لیکر یہ حضرات اپنے اپنے ملک جائیں گے۔
علامہ سید ظہیر نقوی نے کہا کہ اکتیسویں عالمی وحدت اسلامی کانفرنس میں کی جانے والی تقاریر کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے بھی اپنی افتتاحی تقریر میں اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ نئی اسلامی تہذیب کے راستے پر گامزن ہونے کے لئے اتحاد واحد طریقہ ہے کہا کہ عالمی سامراج کے مقابلے میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑا ہونا اتحاد کا سب سے بہترین نمونہ ہے-
علامہ نقوی نے عالمی وحدت اسلامی کانفرنس کو مفید اور ثمر بخش قرار دیا اور کہا کہ اس کانفرنس کے پیغام کو دنیا کے گوشہ و کنار میں منتقل کرنے کے لئے میڈیا اپنا انصاف پر مبنی کردار ادا کرے۔
انہوں نے آخر میں عالمی تقریب مذاہب اسلامی کونسل کے سیکریٹری جنرل آیت اللہ اراکی کی وحدت کو عام کرنے اور مذاہب کو آپس میں ملانے کے لئے کی جانے والی کوشش کی قدردانی کی اور کہا کہ یہ عالمی ادارہ بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی رح کی مسلم امہ میں وحدت کو عام کرنے کی فکر کو آگے بڑھا رہا ہے اور رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای کے راہنما ارشادات کی روشنی میں وحدت کے پیغام کی تقویت کے لئے کام کررہا ہے۔