اسرائیلی فوج کی گاڑی پراندھا دھند فائرنگ، فلسطینی نوجوان شہید
اسرائیلی فوجیوں نے مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے میں ایک گاڑی پر فائرنگ کردی ہے جس سے ایک فلسطینی شہید اور اس کی ہمشیرہ زخمی ہوگئی ہے۔
اسرائیلی فوج نے منگل کو ایک بیان میں کہا ہے کہ صیہونی بستی ہلمیش اور فلسطینی گاؤں نبی صالح کے نزدیک مشکوک انداز میں ایک گاڑی فوجیوں کی جانب بڑھ رہی تھی۔ فوجیوں نے گاڑی کو اپنے لیے خطرہ جانتے ہوئے روکنے کی غرض سے اس پر فائرنگ کردی ۔ فائرنگ کے نتیجے میں 26 سالہ محمد عبداللہ علی موسیٰ شہید اور اس کی ہمشیرہ شدید زخمی ہوگئی۔
مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینی اتھارٹی کی وزارت صحت نے فائرنگ سے شہید ہونے والے نوجوان کی شناخت محمد موسیٰ کے نام سے کی ہے۔اس کی عمر چھبیس سال تھی۔
ادھر اسرائیلی نیوز ویب سائیٹ ’0404‘ نے اپنی رپورٹ میں فوج کے حوالے سےبتایا ہے کہ مشکوک فلسطینی گاڑی کو اس شبے میں گولیاں ماری گئیں کہ وہ اسرائیلی فوجیوں کو کچلنا چاہتی تھی۔ تاہم کسی فوجی اہلکار کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔