لاپتہ افراد کی بازیابی کے لئے رضاکارانہ گرفتاری ختم، گورنر ہاوس تک مارچ کا اعلان
شیعیت نیوز: شیعہ مسنگ پرسنز ریلیز کمیٹی کے سربراہ علامہ حسن ظفر نقوی ، علامہ احمد اقبال اور دیگر نے رضا کارانہ گرفتاریاں اور بھوک ہڑتال ختم کرتے ہوئے لاپتا افراد کی عدم بازیابی کے خلاف جمعہ27اکتوبر کو ملیر سے گورنر ہاؤس تک پر امن احتجاجی مارچ کرنے کا اعلان کیا ہے،ان رہنماؤں نے کہا ہے کہ لاپتا افراد کو بازیاب کرانا ریاست اور ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے ،لاپتا افراد اور ان کے اہل خانہ کو ان کا آئینی حق دیا جائے،گورنر سندھ اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کریں،امید ہے حکومت احتجاجی مارچ کو روکنے کے لیے رکاوٹ نہیں بنے گی،ان خیالات کا اظہار انھوں نے بدھ کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفر نس کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر علامہ عقیل موسیٰ ،علامہ نثار قلندری ،میثم عابدی ،ناصر حسینی ودیگر بھی موجود تھے،علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا کہ لاپتا افراد سے متعلق عدالتوں میں پٹیشن دائر کی ہوئی ہے ،امید ہے عدلیہ ہمیں انصاف فراہم کرے گی،ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ پاکستان کے تمام ادارے حکومت کے ماتحت ہیں ،کوئی ادارہ آئین و قانون سے ماورانہیں ہے ، گورنر سندھ وفاق کے نمائندے ہیں اس لیے وہاں جائیں گے ،امید ہے وہ اس معاملے کے حل میں اپنا کردار ادا کریں گے لیکن اگر پر امن مارچ کو روکنے کی کوشش کی گئی تو وہیں دھرنا دے دیں گے اور ملک بھر احتجاج کیا جائیگا۔