لبنان

حزب اللہ لبنان کے سربراہ سے آئی آر آئی بی کے سربراہ کی ملاقات

ایران کے سرکاری ریڈیواور ٹی وی کے ادارے آئی آر آئی بی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالعلی علی عسکری نے بیروت میں حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصراللہ سے ملاقات میں شام، عراق اور لبنان میں دہشتگردوں کے خلاف جنگ کی صورت حال کا جائزہ لیا اور استقامتی محاذ کی حالیہ کامیابیوں کے بارے میں صلاح و مشورے کئے- آئی آر آئی بی اور حزب اللہ کے سربراہوں نے اس ملاقات میں استقامتی محاذ کے ذرائع ابلاغ کے کردار کی جانب اشارہ کیا اور کہا کہ میدان جنگ میں مجاہدین کے ساتھ ہی استقامتی محاذ کے ذرائع ابلاغ کی موجودگی نے حالیہ کامیابیوں میں نہایت اہم کردار ادا کیا ہے- آئی آر آئی بی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالعلی علی عسکری، شام کا دورہ اور شامی حکام سے ملاقات کے بعد پیر کو بیروت پہنچے تھے- ڈاکٹرعلی عسکری نے بیروت میں اسلامی ریڈیو ٹی وی یونین کے بعض عہدیداروں سے ملاقات میں کہا کہ دنیا کے مختلف علاقوں میں ایران کے اسلامی انقلاب کی وفادار انقلابی طاقتوں کی کوششوں سے استقامی محاذ اور استقامتی محاذ کے ذرائع ابلاغ روز بروز پیشرفت کی جانب گامزن ہیں- انھوں نے کہا کہ امریکہ سمیت تسلط پسند نظام، ہمیشہ ایران کے اسلامی انقلاب کو ختم کرنے کے درپے رہا ہے تاہم اس کی کوششیں ہمیشہ ناکامی پر منتج ہوئی ہیں- آئی آر آئی بی کے سربراہ نے کہا کہ اللہ تعالی کے لطف و کرم ، حزب اللہ لبنان کے سربراہ اور استقامتی طاقتوں اور مجاہدین کی کوششوں سے صیہونی حکومت کی سازشیں ناکام رہی ہیں – انھوں نے اس محاذ کی پیشرفت میں استقامتی محاذ کے کردار کو ناقابل انکار قرار دیا اور کہا کہ ایران کے ریڈیو اور ٹیلی ویژن کا ادارہ استقامتی محاذ کے ایک چھوٹے سے رکن کی حیثیت سے ہمیشہ استقامتی محاذ کے ذرائع ابلاغ کے ساتھ کھڑا رہے گا- ڈاکٹر علی عسکری نے غرب اردن میں آٹھ نشریاتی اداروں کو بند کئے جانے کے صیہونی حکومت کے اقدام کی مذمت کی اور کہا کہ اس اقدام سے پتہ چلتا ہے کہ صیہونی حکومت کو استقامتی محاذ کے اثرات سے سخت تشویش لاحق ہے- ایران کے ریڈیو اور ٹیلی ویژن کے ادارے آئی آر آئی بی کے سربراہ نے صیہونی حکومت کے اقدامات کے سلسلے میں اس کے حامیوں خاص طور سے امریکہ کی خاموشی کو آزادی بیان کے بارے میں ان کے دعؤوں کے جھوٹے ہونے کی علامت قرار دیا اور کہا کہ امریکہ اور صیہونی اتحاد، استقامت و پائداری کی ثقافت کو ترویج دینے والے ذرائع ابلاغ کے خلاف ہیں – آئی آر آئی بی کے سربراہ نے بیروت میں لبنان کے صدر میشل عون اور لبنانی پارلیمنٹ کے انفارمیشن کمیشن کے سربراہ حسن فضل اللہ سے ملاقات کی اور لبنان کے المنار ٹی وی کے ہیڈآفس کا بھی دورہ کیا – ایران کے ریڈیو اور ٹیلی ویژن کے ادارے کے سربراہ ڈاکٹر علی عسکری کے اس دورے کے موقع پر آئی آرآئی بی اور حزب اللہ لبنان کے درمیان صحافتی اور ثقافتی تعاون کے معاہدے پر بھی دستخط ہوئے ہیں-

متعلقہ مضامین

Back to top button