پاکستان

کراچی میں ہلاک دہشت گرد شجاع خانزادہ پر حملے کا سہولت کار نکلا

شیعیت نیوز: کراچی میں گزشتہ رات پولیس مقابلے کے دوران ہلاک ہونے والا دہشت گرد پنجاب کے وزیر داخلہ مرحوم شجاع خانزادہ پر حملے کا سہولت کار نکلا۔
نارتھ کراچی میں خواجہ اجمیر نگری کے قریب پولیس نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب کارروائی کی اور اس دوران پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان مقابلہ ہوا جس میں پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔
ایس ایس پی عرفان بلوچ کے مطابق دہشت گرد کو نارتھ کراچی میں ڈبلیو 22 کے اسٹاپ کے قریب ہلاک کیا گیا جب کہ اس دوران اس کے 2 ساتھی فرار ہوگئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خواجہ اجمیر نگری میں مارے گئے دہشت گرد کی شناخت سعد سرخان کے نام سے ہوئی ہے جو ہری پور کا رہنے والا تھا اور کراچی میں ڈیفنس میں رہائش پذیر تھا۔
ذرائع کے مطابق مارا گیا دہشت گرد کالعدم پنجابی طالبان اور کالعدم لشکر جھنگوی سمیت دیگر کالعدم تنظیموں کے ساتھ کام کرتا رہا۔
ذرائع نے بتایا کہ اسی دہشت گرد نے پنجاب کے مرحوم وزیر داخلہ شجاع خانزادہ پر حملے کے لیے خودکش جیکٹ پہنچائی تھی۔
ذرائع کا بتانا ہےکہ دہشت گرد سعد سرخان ہری پور سیشن عدالت میں فائرنگ سمیت پولیس اہلکاروں کے قتل میں بھی ملوث تھا۔
پولیس کے مطابق دہشت گرد کے قبضے سے 4 دستی بم، 6 پستول، رائفل، 7 ایم ایم رائفل اور آوان بم بھی برآمد کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ وزیر داخلہ پنجاب شجاع خانزادہ 16 اگست 2015ءکو اٹک میں اپنے گاؤں شادی خان میں ہونے والے خودکش حملے میں شہید ہوئے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button