پاکستان

کراچی: ۸ محرم کا جلوس نشترپارک سے برآمد ہوکر حسینہ ایرانیان میں اختتام ہوا

شیعیت نیوز: کراچی میں 8 محرم الحرام کی مناسبت سے شبیہ علم و ذوالجناح کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا جو اپنے روایتی و مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان کھارادر پر اختتام پذیر ہوگیا۔ آٹھ محرم الحرام کے مرکزی جلوس سے قبل نشتر پارک میں مجلس عزا منعقد ہوئی جس سے علامہ کمیل مہدوی  نے خطاب کیا اور واقعہ کربلا کے شہداء کی لازوال قربانی اور فلسفہ شہادت پر روشنی ڈالی۔ انہوں  نے کہا کہ امت مسلمہ کو باہمی اتحاد کی ضرورت جتنی اب ہے پہلے کبھی نہیں تھی، ملک میں مستقل قیام امن کے لئے ضروری ہے کہ مذہبی رواداری کو قائم رکھا جائے۔ شرکائے جلوس نے محفل شاہ خراساں میں نماز ظہرین ادا کی، بعد ازاں نشتر پارک سے جلوس برآمد ہوا جو نمائش چورنگی سے ہوتا ہوا ایم اے جناح روڈ پر آیا، جلو س کی قیادت کے فرائض ابو الحسن اسکاؤٹ نے انجام دیئے، جلوس میں عزاداروں کی کثیر تعداد شریک تھی جن میں مرد، خواتین و بزرگ اور بچے بھی شامل تھے۔ شرکاء کے لئے مختلف سماجی تنظیموں کی جانب سے رہنمائی کیمپ اور سبیلیں لگائی گئی تھیں۔

نماز کی ادائیگی کے بعد مرکزی جلوس اپنے مقررہ روایتی راستوں ایم اے جناح روڈ، صدر ایمپریس مارکیٹ، ریگل چوک، تبت سینٹر، جامعہ کلاتھ سے ہوتا بارہ امام بارگاہ پہنچا، جہاں شرکائے جلوس نے ماتم داری اور نوحہ خوانی کی اور نماز مغربین ادا کی۔ بعد ازاں جلوس لائٹ ہاوس، ڈینسو ہال اور بولٹن مارکیٹ سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینہ ایرانیان کھارادر پر اختتام پذیر ہوگیا۔ جلوس کی سیکورٹی کے لئے انتظامیہ کی جانب سے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے، ملک کے دیگر شہروں کی طرح کراچی میں بھی موبائل فون سروس معطل رہی، جلوس کے راستے میں آنے والی تمام گلیوں کو کنٹینرز اور رکاوٹیں لگاکر بند کیا گیا اور ایم اے جناح روڈ کی تمام دکانوں کو سیل کردیا گیا تھا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button