پاکستان

انصار الشریعہ گروپ کے کئی ارکان گرفتار، خاتون ڈاکٹر اور پولیس اہلکار شامل

شیعیت نیوز: القاعدہ سے متاثر اور ملک میں داعش کے منحرف جنگجوئوں نے کراچی میں انصار الشریعہ کے نام سے ایک نئی تنظیم قائم کر لی ہے۔ مبینہ طور پر یہ گروپ القاعدہ کے ایسے سابق ارکان نے قائم کیا ہے جنہوں نے 2017ء کے اوائل میں تنظیم سے روابط ختم کر دیئے تھے۔ انسداد دہشت گردی کے حکام کے مطابق، اُس وقت سے یہ گروپ کراچی میں دہشت گردی کی کئی کارروائیوں میں ملوث قرار دیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس سے معلوم ہوتا ہے کہ اس گروپ میں خواتین جنگجو بھی شامل ہیں، پولیس نے مبینہ طور پر چار خواتین کو گرفتار کرلیا ہے جن میں ایک ڈاکٹر بھی شامل ہیں جو گروپ کیلئے لوگوں کو بھرتی کرنے کا کام کرتی تھی۔ سیکورٹی حکام نے کراچی سمیت ملک کے مختلف حصوں سے گروپ کے کئی ارکان کو گرفتار کر لیا ہے اور اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ گروپ کیخلاف کارروائی جاری رہے گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، ایک پولیس والے کو بھی انصار الشریعہ سے تعلق کے شبے میں گرفتار کیا گیا ہے۔ کراچی میں رینجرز کے سربراہ میجر جنرل محمد سعید نے مقامی میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا ہے کہ انصار الشریعہ نے رواں سال کے آغاز سے کراچی میں قتل و غارت کا سلسلہ شروع کیا اور شاہراہِ فیصل پر ایک فوجی افسر کے قتل کی ذمہ داری بھی قبول کی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button