پاکستان

پڑوسی ممالک کی طرح پاکستان میں بھی کرپشن کی سزا موت ہونا چاہیے، ثروت اعجاز قادری

شیعیت نیوز: پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے غریبوں کے حقوق کا استحصال کرکے انہیں غربت کی لکیر سے نیچے کی زندگی گذارنے پر مجبور کر دیا ہے، غریب عوام اپنے حقوق کے حصول کیلئے سڑکوں پر آنے کی بجائے دو وقت کی روٹی کی جدوجہد میں مصروف عمل رہتے ہیں، کرپشن کی لعنت دعوؤں سے ختم نہیں ہوگی، کرپشن ختم کرنی ہے تو پڑوسی ممالک کی طرح کرپشن کی سزا موت ہونا چاہیے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت پر مہنگائی اور بے روزگاری سے پریشان افراد پر مشتمل وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ چور چور کا شور مچانے سے کام نہیں ہوگا، چوروں کا پارلیمنٹ اور عدلیہ میں گھیرا تنگ کرنا ہوگا، جے آئی ٹی کی رپورٹ کو جھوٹا اور اسکرپٹڈ قرار دینے والے سیاسی ہتھکنڈوں سے بچ نہیں پائیں گے، آئین و قانون کی بالادستی کی راہ میں رکاوٹ کھڑی کرنے کی کوشش کی گئی تو عوام برداشت نہیں کرینگے، حکمران طبقہ جے آئی ٹی کو متنازعے بنانے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے، جے آئی ٹی کی رپورٹ کو گمراہ کن قرار دینے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ پاکستان کے آئین کا مطالعہ کریں تو انسانی حقوق اور مزدوروں کے حوالے سے دنیا کے بہترین آئینوں میں شمار کیا جاتا ہے، مگر آئین میں یہ کہیں نہیں لکھا کہ حکومت وقت حقوق نہ دے تو اس کی سزا کیا ہے، یہی وجہ ہے کہ ہر دور حکومت میں عوام کو آئینی حقوق فراہم نہیں کئے گئے بلکہ غریبوں کو پیسا گیا ہے، اعلیٰ عدلیہ غریبوں کے حقوق غصب کرنیوالے حکمرانوں کے خلاف نوٹس لے۔ انہوں نے کہا کہ آئین کی بات کرنے والے حکمران خود آئینی طور پر غریبوں، مزدوں، کسانوں کے حقوق کا استحصال کر رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آئین کی بالادستی اس وقت قائم ہوگی، جب مظلوم غریب عوام کو ان کے بنیادی حقوق مہیا کئے جائیں گے، اعلیٰ عدلیہ اور ملک کے تمام اداروں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ عوام کو ان کے بنیادی حقوق فراہم کرنے کیلئے کردار ادا کریں

متعلقہ مضامین

Back to top button