ایران

انتخابات ایرانی قوم کی عزت و وقار کا مظہر ہیں کاظم صدیقی

تہران کے خطیب جمعہ حجت الاسلام و المسلمین کاظم صدیقی نے نماز جمعہ کے خطبے میں اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ایرانی عوام آئندہ جمعے کو اپنے اعتقادی اور دینی عقائد کی بنیاد پر انتخابات میں وسیع پیمانے پر شرکت کرتے ہوئے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے، کہا کہ ایران میں اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد مختلف سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی پہلوؤں کے ساتھ دین اسلام میدان عمل میں نمایاں ہوا اور اسی کے پیش نظر ایرانی عوام، اپنے ملک کے مستقبل کو اہمیت دیتے ہوئے انتخابات میں وسیع پیمانے پر شرکت اور اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔انھوں نے کہا کہ ایران کے نامزد صدارتی امیدواروں کو چاہئے کہ قوانین کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے مکمل طور پر سرگرم عمل ہوں اور ملک کی قومی سلامتی اور اقتدار و عظمت نیز آزادی کا تحفظ اور سماج و معاشرے کے کمزور طبقات کو مضبوط بنانے کی بھرپور کوشش کریں۔حجت الاسلام و المسلمین کاظم صدیقی نے ایران کے دشمنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایران، دیگر ممالک کی طرح نہیں ہے کہ جہاں ڈالروں سے فتنہ کھڑاہو اور اسلامی انقلاب کو کوئی نقصان پہنچایا جا سکے۔انھوں نے اسی طرح فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کی نئی دستاویز کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ سن سڑسٹھ کی سرحدوں کو تسلیم کرنے کے مسئلے کو فلسطین کے تمام مزاحمتی دھڑوں کی حمایت حاصل نہیں ہے اور صیہونی حکومت بدستور ایک جعلی اور غاصب و ناجائز حکومت ہے۔تہران کے خطیب جمعہ نے بحرین کے نامور عالم دین آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے خلاف اس ملک کی آل خلیفہ حکومت کے جارحانہ اقدامات، آل سعود حکومت کے ہاتھوں یمن کے بے گناہ عوام کے قتل عام اور علاقے کے بعض ملکوں میں مذہبی بندشوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔حجت الاسلام و المسلمین کاظم صدیقی نے اسی طرح شعبان المعظم کی عیدوں خاص طور سے آسمان امامت و ولایت کے بارہویں درخشاں ستارے، فرزند رسولۖ شیعیان جہان کے بارہویں امام، منجی عالم بشریت حضرت امام زمانہ عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کی ولادت باسعادت کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے حضرت ولیعصر کے مبارک ظہور کو زمین پر مستضعفین عالم کی حکومت، حقیقی اسلام کی فتح اور عالمی امن و انصاف کے قیام کے لئے الہی وعدے پورے ہونے کا آئینہ دار قرار دیا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button