پاکستان

پاناما کیس فیصلہ، زرداری اور عمران خان کی فیصلے پر شدید تنقید

شیعیت نیوز: پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمینٹرینز کے صدر آصف علی زرداری نے بھی پاناما کیس کا فیصلہ سامنے آنے کے بعد وزیراعظم نواز شریف سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا۔

انہوں نے کہا کہ ‘پاکستان میں عوام کو دھوکا دیا گیا ہے، ملک میں آج جمہوریت کو نقصان ہوا’۔

سابق صدر آصف زرداری نے کہا کہ’ 9 مہینے تک قوم کے ساتھ جو مذاق ہوتا رہا ہے اس کی مذمت کرتا ہوں اور اس فیصلے کی بھی مذمت کرتا ہوں’۔

آصف زرداری نے کہا کہ ‘ان دو سینیئر ججز کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے یہ فیصلہ دیا ہے کہ وزیراعظم نا اہل ہوچکے ہیں، سینیئر ججز کا فیصلہ جونیئر ججز پر غالب ہوتا ہے’۔

سابق صدر نے کہا کہ ‘میں یہ سمجھتا ہوں کہ وزیراعظم کو اخلاقی بنیادوں پر استعفیٰ دے دینا چاہیے، گوکہ میں یہ جانتا ہوں کہ وہ آخری دم تک استعفیٰ نہیں دیں گے اور ہماری جدوجہد جاری رہے گی’۔

آصف زرداری نے استفسار کیا کہ ‘سپریم کورٹ جو نہ کرسکی وہ وزیراعظم کے ماتحت 19 گریڈ کے افسر فیصلہ کریں گے؟ وہ تحقیقات کریں گے اور وزیراعظم کو نا اہل کریں گے؟ یا ان کا بیان وزیراعظم ہاؤس میں لیں گے یا تھانے میں لیں گے؟ اس بات کا فیصلہ قوم کو کرنا ہے’۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے چیئرمین عمران خان نے سپریم کورٹ کی جانب سے پاناما کیس کے فیصلے کے بعد وزیراعظم نواز شریف سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں عدالت کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ایسی ججمنٹ کبھی نہیں آئی۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ‘آج قوم کے سامنے پانچوں ججوں کا مشترکہ طور پر جے آئی ٹی بنانے کا فیصلہ آیا ہے جس کا مطلب یہ سپریم کورٹ میں جو ثبوت جمع کیے گئے وہ ناکافی ہیں’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘مستقبل کے دو چیف جسٹس نے کہا ہے کہ ان کو گھر بھیج دو یہ جج ملک کے معزز جج ہیں اور انھوں نے کہا کہ نواز شریف صادق اور امین نہیں رہے’۔

متعلقہ مضامین

Back to top button