پاکستان

علامہ ناظر تقوی کی سربراہی میں شیعہ علماء کونسل کے وفد کی گورنر سندھ سے ملاقات

شیعیت نیوز: گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ سندھ بالخصوص کراچی میں امن و امان کے قیام میں رینجرز، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بے مثل قربانیاں دی ہیں، جسے کسی صورت ضائع نہیں ہونے دینگے، اس ضمن میں علماء کرام صوبہ میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی، رواداری، اخوت اور بھائی چارے کی فضاء کو برقرار رکھنے میں حکومت سے تعاون کریں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس کراچی میں شیعہ علماء کونسل سندھ کے 7 رکنی وفد سے گفتگو میں کیا، وفد کی سربراہی صوبائی صدر علامہ سید ناظر عباس تقوی کر رہے تھے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ علماء کرام محراب و منبر سے بھائی چارے، پیار، محبت، اخوت، رواداری اور ہم آہنگی کا درس دیں، اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے، جس میں آپس کے تعلقات، رواداری، ہم آہنگی، اخوت اور بھائی چارے کو بڑی اہمیت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مسالک کے علمائے کرام کا فرض ہے کہ وہ منافرت پر مبنی تقاریر سے گریز کریں، علماء کرام نے ماضی میں بھی مشکل حالات کو سنبھالنے میں حکومت سے تعاون کیا، علماء کرام اپنے درمیان نفرت پھیلانے والوں پر کڑی نظر رکھیں، صوبہ میں امن برقرار رکھنے کیلئے بلاتفریق و دباؤ اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔ ملاقات میں علامہ ناظر عباس تقوی نے گورنر محمد زبیر کو شیعہ علماء کونسل سندھ کی جانب سے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دہانی کرائی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button