پاکستان

بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، پاک فوج

شیعیت نیوزـ: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرصدارت ہونے والی کور کمانڈرز کانفرنس میں اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں 201ویں کور کمانڈر کانفرنس منعقد ہوئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس کے دوران قومی سلامتی، خطے میں ہونے والی حالیہ تبدیلیوں، ملک میں جاری آپریشن رد الفساد اور خانہ و مردم شماری کا جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر آرمی چیف نے انٹیلی جنس ایجنسیوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کو سراہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس کے دوران کلبھوشن یادیو کا معاملہ بھی زیر بحث آیا اور شرکاء نے اس بات کا فیصلہ کیا کہ اس طرح کی ریاست مخالف سرگرمیوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ رواں ہفتے 10 اپریل کو پاکستان کی جاسوسی اور کراچی اور بلوچستان میں تخریبی کارروائیوں میں ملوث بھارتی ایجنٹ کلبھوشن یادیو کو سزائے موت سنائی گئی تھی۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے حاضر سروس افسر کلبھوشن یادیو کو یہ سزا پاکستان میں جاسوسی اور تخریب کاری کی کارروائیوں پر سنائی گئی تھی۔

کلبھوشن یادیو کا ٹرائل فیلڈ جنرل کورٹ مارشل نے پاکستان آرمی ایکٹ 1952 کے سیکشن 59 اور سرکاری سیکرٹ ایکٹ 1923 کے سیکشن 3 کے تحت کیا تھا، جس کی توثیق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی کردی تھی۔

سزا کا فیصلہ سامنے آنے کے بعد اپنے فوری ردعمل میں بھارت کا کہنا تھا کہ اگر کلبھوشن یادیو کی سزائے موت پر عملدرآمد ہوا تو یہ ’پہلے سے سوچا سمجھا قتل‘ تصور کیا جائے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی دفتر خارجہ نے پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کو طلب کرکے کلبھوشن یادیو کو سزائے موت سنائے جانے کو ‘مضحکہ خیز’ قرار دیتے ہوئے انہیں احتجاجی مراسلہ بھی دیا تھا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button