پاکستان

پارچنار دھماکہ میں زخمی ہونے والے کفایت حسین شہید ہوگئے

شیعیت نیوزـ: پاراچنار بم دھماکے کا ایک اور زخمی کفایت حسین بھی زخموں کے تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگیا۔ شہید کفایت حسین کی اہلیہ اور 2 کمسن بچے بھی دھماکے میں شہید ہوگئے تھے۔ قبائلی عمائدین نے متاثرہ خاندان کے لئے خصوصی پیکج دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق پاراچنار بم دھماکے کا ایک اور زخمی کفایت حسین زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے پشاور ہسپتال میں دم توڑ گیا۔

شہید کفایت حسین کی 35 سالہ اہلیہ، 5 سالہ بچی زھرا بی بی اور ایک سالہ بچہ قیام حسین دھماکے کے روز ہی جان بحق ہوگئے تھے جبکہ کفایت حسین شدید زخمی ہوگیا تھا، جس کو علاج کیلئے پشاور منتقل کردیا گیاتھا۔ تاہم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے آج پشاور ہسپتال میں کفایت حسین بھی دم توڑ گیا۔ جس کے نتیجے میں پاراچنار بم دھماکے میں جان بحق افراد کی تعداد 26 ہوگئی ہے۔

کرم ایجنسی سے رکن قومی اسمبلی ساجدحسین طوری اور پاکستان انٹرنیشنل ہیومن رائٹس آرگنائزیشن کے چیئرمین حبیب ملک اورکزئی نے ایک ہی خاندان کے 4 افراد کی دھماکے میں شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور حکومت سے متاثرہ خاندان کیلئے خصوصی پیکج اور خاندان کے یتیم بچوں کی تعلیمی اخراجات برداشت کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

متاثرہ خاندان کا تعلق کرم ایجنسی کے سرحدی علاقے گاوں بغدی کے ایک غریب خاندان سے ہے۔ شہید کفایت حسین کے پسماندگان میں 2 کمسن بیٹے چھوڑ دیئے ہیں جبکہ ضعیف العمر والد کے علاوہ گھر میں کوئی اور سربراہ نہیں ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button