پاکستان

لاہور: مردم شماری ٹیم پر داعش کا حملہ، پاک فوج کے 4 جوانوں سمیت 6 افراد شہید

شیعیت نیوز: پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بیدیاں روڈ پر مردم شماری ٹیم پر ہونے والے خودکش حملے کے نتیجے میں پاک فوج کے 4 جوانوں سمیت 6 افراد شہید جبکہ 19 زخمی ہوگئے۔

پنجاب حکومت کے ترجمان ملک احمد خان نے نجی چینل ’جیو نیوز‘ سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ مانا والا چوک کے قریب ہونے والا دھماکا خودکش تھا جس میں مردم شماری کے عملے کو نشانہ بنایا گیا۔

خیال رہے کہ مانا والا چوک پر ہونے والے اس دھماکے کو ابتدائی طور پر وین میں سلینڈر دھماکا قرار دیا گیا تھا تاہم پنجاب حکومت کے ترجمان نے دھماکے کے خودکش ہونے کی تصدیق کردی۔

واضح رہے کہ طویل تاخیر اور کئی سیاسی و انتظامی پیچیدگیوں کا سامنا کرنے کے بعد ملک میں 19 سال بعد 15 مارچ سے مردم شماری کا آغاز ہوا ہے۔

مردم شماری کا پہلا مرحلہ 15 اپریل تک مکمل ہوجائے گا، جبکہ دوسرے مرحلے کا آغاز 25 اپریل سے ہوگا جو 25 مئی تک جاری رہے گا۔

پہلے مرحلے میں ملک کے 63 اضلاع میں ہونے والی مردم شماری میں 1 لاکھ 75 ہزار فوجی اہلکاروں کو بھی تعینات کیا گیا ہے، جو شمار کرنے کے ساتھ ساتھ سروے کرنے والے عملے کو سیکیورٹی فراہم کرنے پر مامور ہیں۔

دھماکے کے نتیجے میں قریب کھڑی گاڑیوں اور عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔

دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو سی ایم ایچ اور جنرل ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

دھماکے کے بعد پولیس اور ریسکیو ادارے جائے وقوع پر پہنچے جبکہ تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button