پاکستان

لاہور بم دھماکہ: شیعہ جماعتوں کی جانب سے شہداء کے لواحقین سے اظہار ہمدردی

شیعیت نیوز:لاہور بم دھماکہ کے نتیجے میں معصوم جانوں کے ضیاع پر شیعہ جماعتوں کی جانب سے شدید مذمت اور قاتلوں کے خلاف فوری آپریشن کا مطابلہ کیا گیاہے، اطلاعات کے مطابق  مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ حسن ظفر نقوی، جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی اور دیگر رہنماؤں نے پنجاب اسمبلی لاہور کے باہر جاری احتجاج کے دوران خودکش دھماکے کے نتیجے میں ڈی آئی جی ٹریفک سید احمد مبین اور ایس ایس پی زاہد گوندل سمیت متعدد قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دشمن طاقتیں وطن عزیز کے امن کو سبوتاژ کرکے اس ملک کی ترقی کو روکنا چاہتی ہیں، اگر نیشنل ایکشن پلان اور فوجی عدالتوں کے احکامات پر عمل درآمد کیا جاتا تو آج لاہور اور پارا چنار کے یہ سانحات رونما نہ ہوتے۔ دو ماہ کے دوران دو دردناک واقعات نے دہشت گردی کے خلاف حکومتی کارکردگی کا پول کھول دیا ہے۔ نیشنل ایکشن پلان کو حکومت کے مخالفین کے خلاف انتقامی حربے کے طور پر استعمال کی بجائے دہشت گردوں اور انتہاپسند مدارس کے خلاف استعمال کیا جائے، تاکہ امن کے قیام کو یقینی بنایا جا سکے۔

شیعہ علماء کونسل ملتان کے ضلعی صدر علامہ سید کاشف ظہور نقوی نے لاہور میں کالعدم جماعت کی جانب سے کیے جانے والے خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے حکومتی اداروں کی غفلت قرار دیا، ملتان سے جاری بیان کے مطابق ایس یو سی کے ضلعی صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے دل لاہور میں حملہ اور قیمتی جانوں کا ضیاع انتہائی افسوسناک ہے، حکمرانوں کی غفلت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ملک دشمن عناصر (ممکنہ طور پر راء ) کی شرمناک کاروائی ہے،شیعہ علماء کونسل سندھ کے صدر علامہ سید ناظر عباس تقوی نے لاہور میں پنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاج کے موقع پر ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اپنے مذمتی بیان میں ایس یو سی سندھ کے صدر علامہ ناظر تقوی نے کہا کہ دہشتگردی کے ایسے
واقعات سے عوام کو مایوس کیا جا رہا ہے۔

اس کے علاوہ اسلامی تحریک کے سربراہ علامہ ساجد علی نقوی،  تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ علامہ حامد موسوی، جعفریہ الائنس کے رہنماء علامہ عباس کمیلی، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن سمیت دیگر ملی جماعتوں کی جانب سے لاہور دھماکہ کی شدید مذمت کی گئی ۔

متعلقہ مضامین

Back to top button