پاک اور ایران کے درمیان ثقافتی تبادلوں اور عوامی رابطوں کا فروغ چاہتے ہیں،وزیر مملکیت برائے نشریات
شیعیت نیوز: وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان ثقافتی تبادلوں اور عوامی رابطوں کا فروغ چاہتے ہیں۔ پاکستان میں تعینات ایران کے سفیرمہدی ہنردوست نے وزیرمملکت اطلاعات مریم اورنگزیب سے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں میڈیا، اطلاعات اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون پر بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں میڈیا، کمیونی کیشن اور براڈ کاسٹنگ کے شعبوں میں قریبی تعاون پر اتفاق کیا گیا۔ وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے فلم، ڈراموں اور ڈاکومینٹری کی مشترکہ پروڈکشن کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان ثقافتی تبادلوں اور عوامی رابطوں کا فروغ چاہتے ہیں۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ثقافتی رابطوں کی مضبوطی کیلئے ایرانی حکومت کے اقدامات کا خیرمقدم کرینگے، انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران قریبی دوست ہیں اور تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ دونوں ملکوں کے میڈیا کے درمیان مزید رابطوں کی ضرورت ہے اور میڈیا باہمی مفاد کیلئے اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ اس موقع پر ایران کے سفیر مہدی ہنردوست نے وزیرمملکت اطلاعات کو ایران کے دورہ کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کرلی۔