پاکستان

نفرت انگیز تقاریر پر ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کا پیمرا سے عامر لیاقت کیخلاف کارروائی کا مطالبہ

شیعیت نیوز: جبری گمشدگیوں کیخلاف سول سوسائٹی کی قیادت میں ہونے والے مظاہروں اور انسانی حقوق کے کارکنوں اور سخت گیر مذہبی تنظیموں کے ارکان کے درمیان ہونے والے تصادم کے بعد کی صورتحال سے نمٹنے کی حکمت عملی مرتب کرنے کیلئے ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ گمشدہ افراد کا معاملہ جامع انداز سے اٹھایا جائے گا۔

ابتدائی اجلاس میں شرکت کرنے والوں نے ٹی وی اینکر عامر لیاقت حسین کے سول سوسائٹی کے مظاہرے میں شرکت کرنے والوں اور گمشدہ افراد کی حمایت میں بولنے والوں کے خلاف نفرت انگیز بیانا ت کا بھی جائزہ لیا۔ ٹی وی اینکر کے بیانات کی مذمت کی گئی کیوں کہ ان کی جانب سے دیے جانے والے بیانات سے مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔ انہوں نے پیمرا سے مطالبہ کیا کہ وہ اینکر پرسن کے خلاف کارروائی کرے کیوں کہ اس کی نفرت پر مبنی مہم کو سوشل میڈیا پر بھی استعمال کیا جارہا ہے۔

اجلاس میں شرکاء کا مطالبہ تھا کہ نجی ٹی وی سے نشر ہونے والا اینکر پرسن کا یہ پروگرام روزانہ نشر ہوتا ہے جس پر پابندی عائد کرنا چاہیے کیوں کہ اینکر پرسن نہ صرف سول سوسائٹی کو نشانہ بنارہا ہے بلکہ توہین مذہب کے کارڈ کو بھی استعمال کررہا ہے جس سے کئی لوگوں کی جانوں کو خطرہ ہے۔

اجلاس میں شرکاء کا کہنا تھا کہ اینکر پرسن اظہار کی آزادی کے حق اور ٹی وی چینل کے پلیٹ فارم کو استعمال کرتے ہوئے نفرت انگیز مہم چلا رہا ہے، وہ نہ صرف لوگوں کے نام لیتا ہے بلکہ ان کی تصویریں جاری کر کے ان کی توہین کرتا ہے۔ اینکر پرسن کے اس اقدام سے ان لوگوں کی زندگیاں خطرے میں پڑ گئی ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button