پاکستان

کراچی ،دہشتگردوں کو سراٹھانے کا موقع نہیں دینگے، آرمی چیف

شیعیت نیوز: پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کراچی میں امن کی بحالی پر سکیورٹی اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں پائیدار امن کے لئے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ دہشت گردوں کو دوبارہ سر اٹھانے کا موقع نہیں دینگے اور رواں سال کراچی کے حالات میں مزید بہتری نظر آئے گی۔ وہ جمعرات کوکراچی دورہ کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کراچی دورہ کے دوران شہداءکی یادگار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ آرمی چیف کو کور اور رینجرز ہیڈ کوارٹر میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے کراچی میں معمولات زندگی بحال کرنے کے لئے رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے آپریشن کی تعریف کی جس کی بدولت دہشت گردی ‘ٹارگٹ کلنگ اور اغواءبرائے تاوان کی واداتوں میں کافی حد تک کمی آئی ہے۔ آرمی چیف نے اس عزم کو دوہرایا کہ شہر میں امن کے قیام کے لئے کوششیں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔ آرمی بطور ریاستی ادارہ اپنے فرائض ادا کرتا رہے گا اور کراچی آپریشن میں حکومتی اداروں با لخصوص سندھ پولیس اور سول انتظامیہ کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی۔ پاک فوج کے افسران اور جوانوں سے خطاب کر تے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کے افسران اور جوانوں کے حوصلے کی تعریف کی جو شہر کو دہشت گردوں اور جرائم سے پاک کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کراچی کے عوام کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے سکیورٹی فورسز سے تعاون کیا۔ قبل ازیں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور ہیڈ کوارٹر کراچی میں کاروباری برادری سے ملاقات کی۔آرمی چیف نے تاجروں کو یقین دہانی کرائی کہ شہر میں امن کے قیام کے لئے مزید اقدامات کئے جائیں گے اور رواں سال کراچی کے حالات میں مزید بہتری نظر آئے گی۔ آرمی چیف جب کراچی پہنچے تو کور کمانڈر فائیو کور لیفٹیننٹ جنرل شاہد بیگ مرزا نے ان کا خیرمقدم کیا ۔

متعلقہ مضامین

Back to top button