سعودی عرب

سعودی عرب میں عبایا اتارنے پر نوجوان خاتون زیر حراست

ریاض(مانیٹرنگ ڈیسک ) سعودی پولیس نے ایک نوجوان خاتون کو عبایا اتارنے پر حراست میں لے لیا۔ذرائع نے بتایا کہ لڑکی کو اُس وقت حراست میں لیا گیا جب پولیس کے پاس اس حوالے سے شکایت درج کروائی گئی۔الشرق نے ریاض پولیس کے ترجمان کرنل فواض المیمان کے حوالے سے بتایا، ‘پولیس نے ایک لڑکی کو التہلیہ اسٹریٹ سے اُس وقت گرفتار کیا، جب اس نے اپنا عبایا اتارا، جس کا کچھ دن قبل اس نے سوشل میڈیا پر اعلان کیا تھا’۔
دوسری جانب ایک اور ویب سائٹ (sabq.org) کا کہنا تھا کہ ‘ایک نامعلوم خاتون نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پوسٹ کیا تھا کہ وہ عوامی مقامات پر عبایا کے بغیر جائیں گی’۔سبق اور دیگر ویب سائٹس نے ایک نوجوان لڑکی کی تصویر شیئر کی، جس میں اسے سیاہ جیکٹ اور ٹخنوں تک آتے اورنج اور گلابی لباس میں دیکھا جاسکتا ہے۔
اس تصویر پر سعودی شہریوں کی جانب سے سخت ناراضگی اور غم و غصے کا اظہار کیا گیا۔ایک ٹوئٹر صارف کا کہنا تھا، ‘لڑکی کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور ہم ریاستی قوانین کا احترام نہ کرنے پر سخت سزا کا مطالبہ کرتے ہیں’۔واضح رہے کہ سعودی عرب میں خواتین کے لیے عبایا پہننا لازمی ہے، جبکہ انھیں مخلوط محفلوں میں شرکت اور ڈرائیونگ کی بھی اجازت نہیں ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button