عراق

موصل کی مکمل آزادی کے لئے آپریشن جاری

عراقی فوج اور رضاکار فورس، شہر موصل میں داعش کے خلاف اپنا مشترکہ آپریش جاری رکھتے ہوئے اس شہر کو پوری طرح آزاد کرانے کی دہلیز پر پہنچ چکی ہے-

رپورٹ کے مطابق عراق کی رضاکار فورس نے جمعرات کو داعش کے خلاف کارروائی جاری رکھتے ہوئے جنوبی موصل کی جانب پیشقدمی کی ہے اور صوبہ نینوا میں واقع مغربی تلعفر میں کرد پیشمرگہ فوجیوں تک پہنچ چکی ہے- اس رپورٹ کے مطابق عراقی فوج نے موصل اور تلعفر کے درمیان ساٹھ مربع کلومیٹر کے علاقے کو محاصرہ میں لے لیا ہے اور شامی سرحدوں کی جانب سے داعش کے لئے ہر طرح کی مدد اور سپلائی کا امکان ختم کردیا ہے-

عراقی فوج نے شہر موصل کے امن ، قاہرہ اور الخضراء محلوں کو بھی داعش دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد اور دہشت گردوں کے وجود سے پاک کرا دیا ہے- درایں اثنا عراقی جنگی طیاروں نے صوبہ نینوا میں داعش کے اڈوں پر حملہ کر کے اس کے ایک سرغنہ زیاد خروفہ کو ہلاک کردیا – العراقیہ ٹی وی نے اعلان کیا ہے کہ عراقی فوج نے جمعرات کو مشرقی موصل کے الزھور قصبے میں ایک ایسی فیکٹری کا پتہ لگایا ہے جس میں دھماکا خیز مواد کے حامل ڈرون بنائے جاتے تھے –

عراقی فوج کے کمانڈر نے موصل آپریشن میں داعش کو بھاری جانی نقصان پہنچنے کی خبر دی ہے- مغربی عراق سے ملنے والی ایک اور رپورٹ کے مطابق مغربی عراق کے صوبہ الانبار میں واقع فلوجہ صنعتی کالونی کو تکفیری داعش دہشت گردوں کے وجود سے پاک اوراس علاقے کو ہر طرح کے دھماکا خیز مواد اور بارودی سرنگوں سے صاف کردیا ہے تاکہ عراقی پناہ گزیں اپنے گھروں میں واپس آسکیں-

متعلقہ مضامین

Back to top button