امریکہ کی جانب سے صیہونی حکومت کے جرائم کی حمایت پر حماس کا ردعمل
فلسطین کی تحریک حماس نے امریکہ کے صدارتی امیدواروں کی جانب سے اسرائیل کے جرائم کی حمایت جاری رکھے جانے کے اعلان کی شدید مذمت کی ہے۔
فلسطین کے مرکز اطلاعات کی رپورٹ کے مطابق فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے ایک رہنما حازم قاسم نے امریکہ کے صدارتی امیدواروں کی جانب سے اسرائیل کی حمایت اور اسے امداد فراہم کرنے کے وعدے دیئے جانے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے غاصب صیہونی حکومت کے لئے امریکی حمایت کا سلسلہ بند کئے جانے کا مطالبہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ امریکہ کے صدارتی امیدواروں کی جانب سے فلسطینیوں کے حقوق سے چشم پوشی کرتے ہوئے اسرائیل کی حمایت میں طرح طرح کے وعدوں کا اعلان کیا جاتا رہا ہے اور ان کا یہ اقدام، قابل مذمت ہے۔ حازم قاسم نے صیہونی دشمن اور اس کے حامیوں کا متحدہ طور پر مقابلہ کئے جانے پر زور دیتے ہوئے فلسطینیوں میں مکمل اتحاد کی ضرورت پر تاکید کی۔ انھوں نے فلسطینی انتظامیہ سے بھی اپیل کی کہ وہ فلسطینیوں کے سلسلے میں امریکیوں کے مثبت کردار بارے میں کوئی امید نہ رکھے۔ واضح رہے کہ امریکہ کے صدارتی امیدواروں ڈونلڈ ٹرمپ اور ہلیری کلنٹن نے صیہونی حکومت کے وزیر اعظم بنیامین نتن یاہو سے ملاقاتوں میں اسرائیل کے لئے امریکی حمایت جاری رکھنے پر تاکید کی ہے۔ ٹرمپ نے تو یہ وعدہ بھی کیا ہے کہ صدارتی انتخابات میں اگر وہ کامیاب ہوجاتے ہیں تو بیت المقدس کو اسرائیل کے دارالحکومت کی حیثیت سے تسلیم کرلیں گے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ امیدواروں نے اس قسم کے وعدے کر کے امریکہ کے صدارتی انتخابات میں فائدہ اٹھانے کی کوشش کی ہے۔








