یمن

سعودی فوجی اڈوں پر یمنی فوج کے میزائل حملے

یمنی فوج کے بیلسٹک میزائیلوں نے سعودی نیشنل گارڈ کی چھاؤنی کو تباہ اور نجران کے فوجی اڈے کو زبردست نقصان پہنچایا ہے۔

یمن کے المسیرہ ٹیلی ویژن کے مطابق یمنی فوج نے یہ حملے عوامی تحریک انصاراللہ کے مجاہدین کے تعاون سے کیے ہیں۔

یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے صوبہ لہج میں سعودی اتحاد کے فوجیوں کے ایک ٹھکانے کو بھی نشانہ بنایا ہے۔ اس حملے میں سعودی اتحاد کے درجنوں فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔

جنوب مغربی سعودی عرب کے علاقے جیزان میں بھی سعودی اتحاد کے فوجیوں کے مرکز پریمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے زبردست حملے کیے ہیں۔

دوسری جانب سعودی حکومت کے لڑاکا طیاروں نے اقوام متحدہ کی وساطت سے قائم ہونے والی جنگ بندی ختم ہوتے ہی یمنی عوام کے خلاف وحشیانہ حملوں کا سلسلہ تیز کردیا ہے۔

صوبہ صعدہ کے ضلع باقم پر سعودی لڑاکا طیاروں نے ایک بار پھر کلسٹر بم برسائے ہیں جس کے نتیجے میں کم سن بچوں سمیت چھے افراد شہید ہوگئے ۔

سعودی حکومت کے لڑاکا طیاروں نے دارالحکومت صنعا میں رہائشی علاقوں کو جبکہ ساحلی شہر حدیدہ میں پانی کے ایک ذخیرے کو بمباری کا نشانہ بنایا ہے۔ تعز اور حجہ کے رہائشی علاقوں پر بھی سعودی حکومت کے لڑاکا طیاروں نے کئی بار بمباری کی ہے۔

یہاں اس بات کا ذکر ضروری ہے کہ سعودی حکومت نے اقوام متحدہ کی اپیل پر قائم ہونے والی جنگ بندی کے دوران بھی یمن پر حملے بند نہیں کیے تھے اور جنگ بندی میں توسیع کو بھی قبول نہیں کیا۔

سعودی عرب نےچھبیس مارچ دوہزار پندرہ سے یمن کو جارحیت کا نشانہ بنا رکھا ہے جس کے نتیجے میں ہزاروں بے گناہ یمنی شہری شہید اور زخمی ہوچکے ہیں۔ شہید اور زخمی ہونے والوں میں بڑی تعداد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button