ایران

امریکی بحری جہاز پر میزائل حملے میں ایران کے ملوث ہونے کے دعوے کی تردید

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بحیرہ احمر میں امریکہ کے جنگی بحری جہاز پر میزائل حملے میں ایران کے ممکنہ کردار پر مبنی امریکی جنرل کے دعوے کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔

موصولہ رپورٹ کے مطابق بہرام قاسمی نے امریکی جنرل کے اس دعوے کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ یہ دعوی ایک خیالی داستان ہے جس میں بدگمانی کا رنگ نمایاں ہے اور یہ امریکہ کی لاچارگی کو ظاہر کرتا ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکہ کو ان افراد کے اقدامات سے ہوشیار رہنا چاہیے کہ جو اپنے وحشیانہ اقدامات سے یمن کی جنگ کی دلدل میں ہاتھ پاؤں مار رہے ہیں اور وہ خود کو اپنی اس شرمناک شکست سے بچانے کے لیے کشیدگی میں اضافہ اور جنگ و تشدد کا دائرہ پھیلا کر دوسروں کو یمن کی لاحاصل جنگ کے میدان میں داخل کرنا چاہتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ امریکی فوج کو کہ جو سعودی اتحاد کی براہ راست اور بالواسطہ مدد کر کے یمنی عوام کے خلاف جرائم میں ناقابل انکار کردار کی حامل ہے، دوسروں پر الزام تھوپنے کے بجائے مزید خونریزی کو روکنا چاہیے اور اپنے اتحادیوں کے ہاتھوں یمن کے نہتے اور مظلوم عوام کے قتل عام کو ختم کرانا چاہیے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button