کراچی: ناصبی دہشت گردوں کا مجلس امام حسین پر بزدلانہ حملہ
کراچی کے علاقے لیاقت آباد نمبر چار میں واقع امام بارگاہ در عباس پر ناصبی یزیدی دہشت گردوں نے دستی بم حملہ کر کے ایک کمسن عزادار امام حسین علیہ السلام کو شہید جبکہ اٹھارہ سے زائد عزاداران امام مظلوم کربلا کو زخمی کر دیا ۔
شیعت نیوز کی رپورٹ کے مطابق ناصبی دہشت گردوں نے امام بارگاہ در عباس ع کو دستی بم سے نشانہ بنایا اور اس وقت امام بارگاہ میں مجلس عزاء جاری تھی جس میں خواتین اور بچوں کی بہت بڑی تعداد موجود تھی۔
عینی شاہدین نے شیعت نیوز کو بتایا کہ حملہ آور دو دہشت گرد موٹر سائیکل پر سوار تھے جنہوں نے دوران مجلس عزاء امام بارگاہ در عباس کو دستی بم کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں معصوم عزادار بچہ شہید جبکہ اٹھارہ سے زائد افراد زخمی ہوئے جن میں بڑی تعداد خواتین اور معصوم بچوں کی ہے۔
ناصبی دہشت گردوں کے حملے میں زخمی ہونےوالے عزاداران نواسہ رسول(ص) کو مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب ملت جعفریہ کی نمائندہ جماعتوں بشمول مجلس وحدت مسلمین پاکستان، شیعہ علماء کونسل، آئی ایس او، جعفریہ الائنس پاکستان سمیت دیگر جماعتوں کے رہنماؤں نے دہشت گردانہ کاروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حکومت اور قانون نافذ کرنےوالے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ اس بزدلانہ دہشت گردانہ کاروائی میں ملوث ملک دشمن و اسلام دشمن دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کر کے منظر عام پر لایا جائے اور ان کو سخت سے سخت سزا جائے۔