عراق

عراق میں ترکی کی فوجی مہم جوئی پر نکتہ چینی

عراق کی بدر تنظیم کے سیکریٹری جنرل نے عراق کے شہر موصل کےبارے میں ترکی کے صدر کے بیان کو شرمناک قرار دیا ہے-

سومریہ نیوز چینل کی رپورٹ کے مطابق عراق کی بدر تنظیم کے سیکریٹری جنرل ہادی العامری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ شمالی عراق کے صوبے نینوا کے مرکز موصل کے بارے میں ترکی کے صدر کا بیان شرمناک اور ان کے نفرت انگیز فرقہ وارانہ طرز فکر کا غماز ہے-

العامری نے کہا کہ عراق ہر اس بیرونی فوج کو اپنا دشمن سمجھتا ہے جو موصل کو آزاد کرانے کی کاروائی میں خود کو شامل کرے اور عراقی افواج ، جس طرح سے داعش کے ساتھ جنگ کر رہی ہیں ان بیرونی فوجیوں سے بھی جنگ کریں گی-

دوسری جانب عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی نے بھی بغداد میں ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ عراق میں بیرونی افواج کا داخلہ ناقابل قبول ہے اورعراق اپنی سرزمین پر ترکی کی فوج کی مداخلت کا مخالف ہے- انہوں نے عراق میں ترکی کی فوجی مہم جوئی کو ایک علاقائی جنگ میں تبدیل ہونے کی بابت خبردار کیا –

عراقی وزیر اعظم نے اسی طرح اس سرزمین پر ترکی کی فوجی موجودگی کوعراق کی قومی حاکمیت کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت عراق نے بارہا ترکی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عراق کے مسائل میں مداخلت نہ کرے-

عراقی پارلیمنٹ نے منگل کو اپنے اجلاس میں ترکی کی پارلیمنٹ کے ذریعے شمالی عراق میں ترک فوجیوں کی موجودگی کی مدت میں مزید ایک سال کی توسیع کے بل کو مسترد کرتے ہوئے حکومت سے کہا ہے کہ وہ بغداد میں ترکی کے سفیر کو طلب کرکے اس واقعہ پر احتجاج کرے-

متعلقہ مضامین

Back to top button