مقبوضہ فلسطین

صیہونی فوج کی فائرنگ میں ایک اور فلسطینی نوجوان شہید

صیہونی فوجیوں نے مذکورہ فلسطینی نوجوان کو مشرقی شہر الخلیل کے علاقے بنی نعیم کے داخلہ راستے پر قائم چیک پوسٹ سے گولیوں کا نشانہ بنایا۔ شہید ہونے والے فلسطینی نوجوان کی عمر سولہ برس بتائی جاتی ہے۔ صیہونی حکام نے دعوی کیا ہے کہ مذکورہ فلسطینی نوجوان اسرائیلی فوجیوں پر چاقو سے حملہ کرنا چاہتا تھا۔صیہونی فوجیوں نے پیر کے روز بھی ایسے الزامات کے تحت دو فلسطینی نوجوانوں کو الخلیل شہر میں گولیاں مار کر شہید کردیا تھا۔مذکورہ تین فلسطینی نوجوانوں کی شہادت کے بعد ، اکتوبر دوہزار پندر سے اب تک صیہونی فوجیوں کی فائرنگ میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد دوسو اڑتالیس ہوگئی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ یکم اکتوبر دوہزار پندرہ سے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں صیہونی حکومت کے خلاف عوامی شورش کا سلسلہ جاری ہے جسے تحریک انتفاضہ قدس کا نام دیا گیا ہے۔ دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ صیہونی فوجیوں نے الخلیل کے مختلف علاقوں پر حملے کرکے متعدد فلسطینی نوجوانوں کو گرفتار کرلیا ہے۔ ایک اور اطلاع کے مطابق بیت الحم کے علاقے دہیشہ کیمپ میں اسرائیلی فوجیوں اور فلسطینی نوجوانوں کے درمیان ہونے والی جھڑپوں میں تین فلسطینی شدید زخمی ہوئے ہیں۔ درایں اثنا اسرائیلی فوجیوں نے مغربی رفح کے ساحلی علاقوں میں فلسطینی ماہیگیروں کی کشتیوں پر بھی فائرنگ کی ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button