ایران

ظالم افراد حج کے امور کے ٹھیکے دار نہیں بن سکتے

حج و زیارت کے امور میں ولی فقیہ کے نمائندے اور ایرانی عازمین حج کے سرپرست نے کہا ہے کہ اسلامی ملکوں کو حج کا انتظام چلانے کے لئے کوئی چارہ کار تلاش کرنا چاہئے-

حج کے امور میں ولی فقیہ کے نمائندے حجت الاسلام والمسلمین علی قاضی عسکر نے تہران میں نمازجمعہ کے خطبوں سے قبل نمازیوں کے اجتماع سے خطاب کے دوران سانحہ منیٰ کی برسی اور سعودی حکام کی نااہلی کی وجہ سے ہزاروں حاجیوں کی شہادت کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی شخص خانہ کعبہ اور مسجد الحرام کی ملکیت کا دعوی نہیں کرسکتا – انہوں نے کہا کہ ایک خاص گروہ کو حج کے بارے میں جو دنیا کے تمام مسلمانوں سے متعلق ہے فیصلہ کرنے کا کوئی حق نہیں ہے –

حج کے امور میں ولی فقیہ کے نمائندے نے ایرانی عازمین حج کو اس سال حج کی سعادت سے محروم کرنے کے سعودی حکومت کے اقدامات کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید میں ایسی آیات اور متعدد روایات موجود ہیں جن میں ارشاد ہوتاہے کہ اگر کوئی شخص صاحب استطاعت مسلمان کو حج کرنے سے روکتاہے تو وہ گناہ کا مرتکب ہوا ہے –

ایرانی عازمین حج کے سرپرست حجت الاسلام علی قاضی عسکر نے اس بات پر زوردیتے ہوئے کہ ظالم افراد حج کے امور کے ٹھیکے دار نہیں بن سکتے کہا کہ یہ ذمہ داری صرف متقی لوگوں کے پاس ہونی چاہئے – انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کے مسلمان اس بات کے شاہد ہیں کہ آل سعود نے کبھی بھی حج کے انتظام کو صحیح طریقے سے نہیں چلایا ہے –

حجت الاسلام قاضی عسکر نے اس امید کا اظہار کیا کہ ایک دن وہ آئے گا جب عالم اسلام کی شخصیات صحیح طریقے سے حج کا انتظام سنبھالیں گی تاکہ یہ فریضہ آج کی آشفتہ حالی اور پریشانیوں سے نجات پاجائے –

متعلقہ مضامین

Back to top button