پاکستان

پی ایس 127 ضمنی الیکشن ملیر میں کسی سیاسی جماعت کی حمایت نہیں کری، ایم ڈبلیو ایم

شیعیت نیوز: مجلس وحدت مسلمین سندھ کے پولیٹکل سیکرٹری سید علی حسین نقوی نے کہا ہے کہ پی ایس 127 ملیر کے ضمنی الیکشن میں کسی بھی سیاسی جماعت کی حمایت نہیں کی ہے، بلکہ ملیر کے عوام کو ان کے حقوق دلانے کیلئے اپنی شناخت کے ساتھ الیکشن میں بھرپور حصہ لیکر جمہوری عمل کو تقویت بخشنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ایس 127 کے ضمنی الیکشن کی انتخابی مہم کے دوران وحدت ہاؤس ملیر میں منعقدہ نیوز کانفرنس سے خطاب میں کیا۔ علی حسین نقوی نے کہا کہ مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے مجلس وحدت مسلمین کی حمایت حاصل کرنے کے دعویٰ بے بنیاد، غلط بیانی، پروپیگنڈہ اور دروغ پر مبنی عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش ہے، اس ضمن میں واضح کیا جاتا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں مجلس وحدت مسلمین سے حمایت کی طلبگار رہیں، لیکن حلقہ پی ایس 127 کے عوام کے حقوق کی خاطر ہم نے کسی کی حمایت کرنے کے بجائے انتخابات میں بھرپور شرکت کا فیصلہ کیا ہے۔

دوسری جانب ایم ڈبلیو ایم کے امیدوار، معروف سماجی رہنما و سابق جنرل کونسلر سید علی عباس عابدی کی ضلع ملیر میں انتخابی مہم زور و شور سے جاری ہے، اس سلسلے میں مختلف شخصیات، تنظیموں، علاقائی کمیٹیوں اور مساجد کے ٹرسٹیز سے ملاقاتوں اور گھر گھر رابطوں کا سلسلہ مکمل کر لیا گیا ہے، اور حلقہ کی عوام بلارنگ و نسل ایم ڈبلیو ایم کے نامزد امیدوار کے ساتھ ہے۔ صوبائی رہنما علی حسین نقوی نے نامزد امیدوار علی عباس عابدی، احسن رضوی، ثمر زیدی، سجاد اکبر سمیت کارکنان کے وفد کے ہمراہ حلقہ کا دورہ کیا اور مختلف کارنر میٹنگز کیں، جبکہ مختلف شخصیات سے ملاقات کے دوران ان سے مجلس وحدت مسلمین کے امیدوار کی حمایت کی درخواست کی۔ اس موقع پر کارنر میٹنگز سے خطاب میں علی عباس عابدی کہا کہ مجلس وحدت مسلمین نے کراچی میں شیعہ سنی وحدت کیلئے جو قدم اٹھایا ہے، وہ اس وقت تک دیرپا نہیں رہ سکتا، جب تک عوام اپنا حق رائے دہی نیک اور صالح افراد کیلئے استعمال نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ ہر ظالم کے خلاف اعلان جنگ کیا ہے، ہمارا منشور ہی ہر ظلم کے خلاف قیام کرنا اور عوامی مسائل کے حل کیلئے آخری لمحے تک کوشش کرنا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button