ایران

ساری دنیا ایران کے ساتھ تعاون کی خواہاں ہے، صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ساری دنیا آج ایران کے ساتھ تعاون اور لین دین کی خواہاں ہے۔

ڈاکٹروں کے قومی دن کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ جامع ایٹمی معاہدے کے نتیجے میں پابندیاں ختم ہو گئی ہیں اور ساری دنیا ایران کے ساتھ تعاون اور لین دین کی خواہشمند ہے۔ انہوں نے پابندیوں کے خاتمے کی قرار داد کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ سلامتی کونسل میں مذکورہ قرارداد کی منظوری سے قبل، ایران کو عالمی امن و سلامتی کے لئے خطرہ قرار دیا جاتا تھا لیکن آج، ایران ایک ایسے ملک میں تبدیل ہو گیا ہے جس کے ساتھ تعاون پر زور دیا جا رہا ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے ملک بھر کے ڈاکٹروں کی خدمات کی قدر دانی کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی ڈاکٹر، معاشرے کی سلامتی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ علمی اور سائنسی کاوشوں میں پیش پیش ہیں۔ انہوں نے دیگر ملکوں خاص طور سے مغربی ممالک میں ایرانی ڈاکٹروں کی نمایاں پوزیشن کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی ڈاکٹر، دنیا بھر میں اپنی مہارت کے لحاظ سے بے مثال اور ایران کی سربلندی کا باعث ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ ایران میں ہر سال بائیس ستمبر کو ڈاکٹروں کا قومی دن منایا جاتا ہے۔ اس موقع پر مختلف کانفرنسوں اور سیمیناروں کا انعقاد کیا جاتا ہے اور نمایاں خدمات اور تحقیقات انجام دینے والے ڈاکٹروں کو ایوارڈ بھی دیئے جاتے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button