لبنان

ترک قوم نے فوجی بغاوت کو ناکام بنانے میں اسلامی مزاحمت کو نمونہ بنایا/ حزب اللہ نے شام کی تقدیر بدل دی

اسلامی جمہوریہ ایران کی رضا کار فورس کے سربراہ جنرل محمد رضا نقدی نے ترکی میں امریکی فوجی بغاوت کی شکست کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ترک قوم نے امریکہ کے شوم منصوبے کے مقابلے میں استقامت اور پائداری کا مظاہرہ کیا اور ترکی میں امریکی فوجی بغاوت کے منصوبے کو ناکام بنادیا ۔ انھوں نے کہا کہ ترک قوم نے امریکہ کے خلاف استقامت کا درس اسلامی مزاحمتی تحریک سے حاصل کرتے ہوئے امریکی منصوبے کو نقش بر آب کردیا۔

جنرل نقدی نے لبنان کی 33 روزہ جنگ میں اسرائيل کی تاریخی شکست اور حزب اللہ لبنان اور لبنانی عوام کی تاریخی فتح اور کامیابی کی طرف اشارہ کرتے ہوئےکہا کہ اسرائیل کو اپنے پیشرفتہ ہتھیاروں اور اپنی مضبوط فوج پر ناز تھا اور وہ ہمیشہ یہ تصور کرتا تھا کہ وہ جب اور جہاں چاہیے اپنے مخالفین کو کچلنے کی بھر پور صلاحیت رکھتا ہے لیکن لبنان کی 33 روزہ جنگ کے دوران اسرائیل کی سرمستی کے تمام خواب چکنا چور ہوگئے۔ جنرل نقدی نےلبنان کی 33 روزہ جنگ میں حزب اللہ کی اسرائيل پر فتح کو عالمی سامراجی طاقتوں پر پہلی فتح قراردیا۔

جنرل نقدی نے شام کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہابی دہشت گرد اسرائیل اور امریکہ کی نیابت میں اسلامی مقاومت اور اسلامی محاذ کے خلاف نبرد آزما ہیں ۔ امریکہ اور اسرائیل نے 33 روزہ جنگ میں حزب اللہ کی حمایت کرنے کی وجہ سے شام کے خلاف دہشت گردانہ جنگ چھیڑ رکھی ہے اور یہی وجہ ہے کہ حزب اللہ نے شام کی درخواست پر شامی حکومت کی حمایت کا فیصلہ کیا اور شام میں وہابی دہشت گردوں کی شکست درحقیقت امریکہ اور اسرائیل کی شکست ہے ۔ جنرل نقدی نے کہا کہ حزب اللہ نے شام کی جنگ کا نقشہ بدل دیا ہے اور امریکہ و اسرائيل اور سعودی عرب کے پروردہ دہشت گردوں کی شکست یقینی ہے انھوں نے کہا کہ سعودی عرب کی اسلام اور مسلمانوں کے خلاف خيانت بالکل آشکار ہوگئی ہے اور سبھی جانتے ہیں کہ سعودی عرب امریکی شیطانی اور سامراجی اتحاد میں سرفہرست ہے اور امیرکہ کی تمام شیطانی جنگوں کا خرجہ سعودی عرب ادا کررہا ہے ۔

متعلقہ مضامین

Back to top button