پاکستان

تحفظ پاکستان کانفرنس : حکومت عدل وانصاف کی فراہمی میں ناکام ہوچکی ہے، ایم ڈبلیو ایم

 شیعیت نیوز: شہید قائد عارف حسین الحسینی کی 28ویں برسی کے سلسلے میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیر اہتمام”تحفظ پاکستان کانفرنس“کا انعقادجناح ایونیو پر ہوا جس میں ملک بھر سے ہزاروں کی تعداد میں کارکنوں اور شیعہ سنی افراد نے شرکت کی۔شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی نے علامہ عارف حسینی کی قومی خدمات اور بصیرت کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا شہید قائد نے بکھری قوم کو یکجا کر ایک مضبوط ملت بنا دیا۔علامہ ناصر عباس اپنے اُس شہید قائد کی راہ پر گامزن ہیں جس نے کسی آمر کواپنی راہ کی دیوار نہیں بننے دیا۔موجودہ حکمران یہ بات ذہن نشین کر لیں کہ اس حسینی قوم کو طاقت کے بل بوتے پر دبانے کی کوشش کبھی کامیاب نہیں ہو گی۔وطن عزیز میں طاغوت و استکبار اور نجدی قوتوں کے ایجنڈے کو پنپنے نہیں دیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ علامہ ناصر عباس کی بھوک ہڑتال کو تین ماہ کا عرصہ گزر چکا ہے۔ مختلف مراجع عظام اور ملک کے نامور سیاستدانوں نے ان سے بھوک ہڑتال کے خاتمے کی اپیل کی ہے۔ آج شرکا کی طرف سے بھی میں اس کی تائید کرتے ہوئے علامہ ناصر سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ شہید قائد کی برسی کے موقعہ پر بھوک ہڑتال کے خاتمے کا اعلان کر کے قوم کے اضطراب کو تسکین میں بدل دیں۔

ایم ڈبلیوایم کی شوریٰ عالی کے رُکن اور مرکزی سیکریٹری آئمہ جمعہ فورم علامہ ہاشم موسوی نے کہاکہ حکمران عدل و انصاف کی فراہمی میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں جو ملک کی سالمیت و بقا کے لیے شدید خطرہ ہے۔

 علامہ اقبال بہشتی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کے قیام کا مقصدوطن عزیز میں اختیارات کی بجائے قانون و انصاف کی حکمرانی کے لیے جدوجہد ہے۔عوامی تائید ہی ہماری بھرپور طاقت ہے۔اس طاقت سے ہم اپنے حقوق کے حصول کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔

اس موقع پر علامہ مختار امامی، علامہ اعجاز بہشتی ، علامہ مقصود ڈومکی، برادر نثار فیضی، فرزند شہید قائد حسین الحسینی، علی مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان سمیت دیگر علماٗ کرام و ذاکرین نے خطاب کیا جبکہ معروف منقبت خوان مقدس کاظمی اور شاعر اہلیبت ظفر عباس ظفر نے شہید قائد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اپنا کلام پڑھا، اس موقع پر ہزاروں مرد،خواتین بچے بوڑھے سمیت جوانوں نے موسم کی خرابی کے باوجو د شرکت کی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button