جنوبی پنجاب دہشتگردوں کا مضبوط گڑھ بن چکا ہے، صاحبزادہ حامد رضا
شیعیت نیوز: سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی حکومت مخالف تحریک فیصلہ کن ثابت ہو گی، نئے الیکشن سے پہلے بے رحم اور بلاامتیاز احتساب ضروری ہے، رینجرز کو سندھ میں ہی نہیں پورے پاکستان میں دہشتگردی اور کرپشن کیخلاف اختیار ملنا چاہیئے، ن لیگ کا احتساب نہ ہونے کی وجہ سے احتسابی عمل مشکوک ہو چکا ہے، کراچی میں امن کیلئے سیاسی عزم اور نیک نیتی کی ضرورت ہے، قوم حکمرانوں کے جھوٹے وعدوں اور کھوکھلے دعوؤں سے تنگ آگئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں پاکستان عوامی تحریک اور مسلم لیگ ق کے رہنماؤں سے ملاقاتوں کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ آج پھر پاکستان کو تحریک آزادی والے جذبے کی ضرورت ہے۔ ملکی سلامتی کو درپیش کے مقابلے کیلئے گروہ بندی نہیں صف بندی کی ضرورت ہے، حکمران قائداعظم کے راستے سے ہٹ چکے ہیں، باریوں کی سیاست ختم کئے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا، پوری قوم یوم آزادی پر استحکام پاکستان کیلئے تجدید عہد کرے، تنازعہ کشمیر کے حل کا فائدہ پاکستان اور بھارت دونوں کو ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ تیسری عالمی جنگ سے بچنے کیلئے عالمی تنازعات حل کروائے۔
صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ نظام مصطفی کا نفاذ ہی پاکستان کی ترقی و استحکام کا ضامن ہے، پاکستان کی بنیاد قرآن اور اسلام پر قائم ہے، حقیقی احتساب نہ ہوا تو قومی خزانہ لوٹنے والے دولت کے ذریعے پھر جیت جائیں گے، قوم گورے انگریزوں سے آزادی کے بعد کالے انگریزوں کی غلامی میں آچکی ہے، قیام پاکستان کے وقت ایک قوم کو ملک کی اور آج ایک ملک کو ایک قوم کی ضرورت ہے، ہم نے پاکستان جیسے عطیہ خداوندی کی قدر نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ مفاداتی سیاست نے پاکستان کو تباہ کر دیا ہے، پنجاب میں دہشتگردوں کیخلاف آپریشن نہ ہونے کی وجہ سے جنوبی پنجاب دہشتگردوں کا مضبوط گڑھ بن چکا ہے۔