ہمارے مطالبات پر عمل درآمد ہوگا ہم یہاں سے اٹھ کر چلے جائیں گے،علامہ راجہ ناصر عباس
شیعیت نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے بھوک ہڑتالی کیمپ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسانی حقوق کی پامالی کے جو واقعات اس وقت رونما ہو رہے ہیں، ان کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔ عالم اسلام کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم کیا جا رہا ہے۔ تہذیب یافتہ ہونے کے دعویدار ممالک مسلمانوں کے ساتھ وحشیانہ سلوک کے مرتکب ہو رہے ہیں۔ کشمیر، یمن، لیبیا اور عراق سمیت دیگر ریاستوں میں مسلمان سنگین ترین صورتحال سے دوچار ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں مظلوم کشمیریوں کے ساتھ بھارتی فوج کا سلوک درندوں سے بھی بدتر ہے۔ بھارتی حکومت کا کشمیریوں سے خود ارادیت چھیننا عالمی قوانین سے انحراف ہے۔
یہ بھی پڑھیں ، چودھری نثار کی علامہ راجہ ناصر سے ملاقات بھوک ہڑتال ختم کرنے کی درخواست
صحافیوں کی جانب سے بھوک ہڑتالی کیمپ کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں علامہ ناصر عباس نے کہا کہ حکومت کے ساتھ ان کے مذاکرات حوصلہ افزا ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے ہماری بات چیت جاری ہے۔ جیسے ہی ہمارے مطالبات پر عمل درآمد ہوگا، ہم یہاں سے اٹھ کر چلے جائیں گے۔ خیبر پختونخوا کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ وہاں ہمارے بیشتر مطالبات پر عمل درآمد ہوچکا ہے۔ پارا چنار، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، کوہاٹ اور شاہ خیل کے حوالے سے مثبت پیش رفت ہوئی ہے، تاہم کے پی کے صوبائی حکومت کی تساہل پسندی ہمارے لئے مشکلات پیدا کر رہی ہے۔ مجرمان کے خلاف مقدمات کی پیروی میں حکومت کی طرف سے عدم دلچسپی انصاف کے حصول کی راہ میں رکاوٹ ہے جسے دور کیا جانا چاہیے۔ اس طرح خیبر پختونخوا میں اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں مسلسل پیش و پس ہمارے لئے شکوک و شبہات کا باعث بن رہا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پنجاب میں بھی ان کے مطالبات پر جلد ہی عمل درآمد شروع ہو جائے گا۔ علامہ ناصر عباس نے میڈیا کو بتایا کہ 7 اگست کو اسلام آباد میں تحفظ پاکستان کانفرنس کا انعقاد ہوگا، جس میں ملک بھر سے ہزاروں کی تعداد میں لوگ شریک ہوں گے۔