عراقی وزیر خارجہ کی سعودی عرب پر تنقید
عراق کے وزیر خارجہ نے اپنے ملک کے داخلی امور میں مداخلت کرنے کی بنا پر سعودی عرب کی حکومت پر تنقید کی ہے۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق عراق کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ عراقی وزیر خارجہ ابراہیم جعفری نے واشنگٹن میں داعش کے ساتھ جنگ میں عراق کی حمایت کے موضوع پر ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس کے موقع پر سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر سے ملاقات کی اورعراق کے داخلی امور میں مداخلت کرنے کی بنا پر سعودی عرب پر تنقید کی۔
عراق کے وزیرخارجہ نے اس ملاقات میں اسی طرح اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ عراقی اس مداخلت کو نہ تو پسند کرتے تھے اور نہ ہی کرتے ہیں، قومی حاکمیت کے احترام اور اچھی ہمسائیگی کی بنیاد پرتمام ہمسایہ ملکوں کے ساتھ اپنے تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے اپنے ملک کی کوششوں پر زور دیا۔
واضح رہے کہ عراق کی بہت سی شخصیات اور جماعتوں نے بھی اپنے ملک کے داخلی اور فوجی امور میں بغداد میں سعودی عرب کے سفیر ثامرالسبہان کی مداخلت پر تنقید کی تھی اور ان کو اپنے ملک سے نکالنے کا مطالبہ کیا تھا۔