کشمیر میں جھڑپیں، جاں بحق ہونے والوں کی تعداد تیئیس ہوگئی
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں برہان مظفر وانی کی موت کے خلاف احتجاج کے دوران ہندوستانی فوج کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے کشمیریوں کی تعدادتیئیس ہوگئی ہے جبکہ ڈھائی سو سے زائد زخمی ہیں ۔
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں دوسرے روز بھی مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال ہے۔
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے حزب المجاہدین کے نوجوان کمانڈر برہان مظفر وانی کے پولیس ہاتھوں قتل کئے کے خلاف وادی میں آج بھی ہڑتال جاری ہے اور وادی میں موبائل فون ، انٹرنیٹ سروس سمیت مواصلاتی نظام بدستور معطل ہے۔ ہندوستانی فوج نے ممکنہ احتجاج کو روکنے کے لیے پوری وادی میں کرفیو نافذ کررکھا ہے ۔
مظفر وانی کے قتل کے خلاف ہونے والے مظاہروں میں ہندوستانی فوج کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوتاجارہا ہے ۔
کشمیری عوام اور سیکورٹی فورسیز کے درمیان جھڑپ کا نیا سلسلہ ایسے وقت میں شروع ہوا ہے کہ اس ملک کے ایک سینئر فوجی کمانڈر نے کچھ دنوں قبل اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ نئی دہلی حکومت ، اس علاقے کے عوام کی حمایت حاصل کرنے میں ناکام رہ گئی ہے-
اس فوجی عہدیدار کا کہنا تھا کہ جو سیکورٹی اہلکار کشمیری عوام کے خلاف کاروائیاں انجام دے رہے ہیں وہ کبھی بھی اس علاقے کے عوام کی حمایت حاصل نہیں کرسکیں گے- سرینگر میں حالات پر قابو پانے کے لئے پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے-