پاکستان

بھوک ہڑتال | چالیسواں روز | مسلم لیگ (ق) کے مرکزی رہنما چوہدری پرویز الہی کی آمد، حمایت کااعلان

شیعیت نیوز: پاکستان مسلم لیگ (ق) کے مرکزی رہنما چوہدری پرویز الہی اور سابق صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے اپنے اعلی سطح وفد کے ہمراہ ایم ڈبلیو ایم کے احتجاجی کیمپ میں مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے ملاقات کی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ دونوں رہنماوں نے اپنے وفد اور مرکزی قائدین کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کی۔چوہدری پرویز الہی نے میڈیا کے نمائندوں سے باتیں کرتے ہوئے کہا کہ ایک ملک گیر سیاسی و مذہبی جماعت کے سربراہ گزشتہ 40 روز سے بھوک ہڑتال پر ہیں اور حکومت ان کے مطالبات پر کان نہیں دھر رہی جو سراسر زیادتی ہے۔ انہیں انصاف دینا وفاقی حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے مگر حکومت کی جانب سے تاحال کسی بھی قسم کی پیش رفت نہ ہونا انتہائی افسوسناک ہے۔انہیں خوامخواہ دیوار کے ساتھ لگایا جارہا ہے۔ہم اس پرامن احتجاج کی مکمل حمایت کرتے ہیں اورحکومت کو یہ باور کرانے آئے ہیں کہ ان کے مطالبات تسلیم کیے جائیں بصورت دیگر حالات کی ذمہ داری حکومت پر ہو گی۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہ احتجاجی کیمپ میں آمد پر دونوں سیاسی رہنماوں اور ان کے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سفاک اور بے حس ہو چکی ہے۔اس وقت احتجاج کا یہ سلسلہ یورپ سمیت دنیا بھر کے تمام ممالک میں پھیل چکا ہے لیکن یہاں سے دو کلومیٹر سے بھی کم مسافت پر وزیر اعظم ہاوس، پریزیڈنسی ، پارلیمنٹ ، سپریم کورٹ اور دیگر وزارتیں موجود ہیں لیکن کسی میں اتنی اخلاقی جرات نہیں کہ وہ آکر ہماری بات کو سن سکے۔ان جابر حکمرانوں سے جمہوریت کا ڈھونگ رچایا ہوا ہے۔انہیں عوام کی بالکل پرواہ نہیں۔حکومت اس پر امن احتجاج کو مشتعل کرنے کی دانستہ کوشش میں مصروف ہے۔ ہم ایک مہذب اور پُرامن قوم ہیں۔ حکومت اپنے شاطرانہ ہتھکنڈوں سے ہمیں پُر تشدد راستے پر نہیں لے جا سکتی۔ہم نے پرامن انداز میں اپنے احتجاج کے سلسلے کو آگے بڑھانا ہے۔ نیوز بریفنگ میں علامہ ظفر حسن نقوی،علامہ اصغر عسکری اور نثار فیضی سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button