ایران

سنت نبوی اور قرآن کی حفاظت شیعہ و سنی مسلمانوں کی ذمہ داری ہے۔ آیت اللہ محمد امامی کاشانی

تہران کے خطیب جمعہ نے عالمی سامراجی طاقتوں کے مقابلے میں مسلم امہ کے درمیان اتحاد و یکجہتی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

تہران کے خطیب جمعہ آیت اللہ محمد امامی کاشانی نے نماز جمعہ کے خطبوں میں کہا کہ آج ساری دنیا کے سامنے سامراجی طاقتوں اور صیہونی حکومت کا حقیقی چہرہ پہلے سے زیاد واضح ہو گیا ہے۔ انہوں نے یہ بات زور دیکر کہی کہ سنت نبوی اور قرآن کریم کی حفاظت کرنا شیعہ اور سنی دونوں کی ذمہ داری ہے اور انہیں اپنے اتحاد کے ذریعے ان دونوں گرانقدر چیزوں کی حفاظت کرنا چاہیے۔

تہران کے خطیب جمعہ نے کہا کہ اگرچہ اسلام دشمن طاقتوں نے اپنے ناجائز مفادات کو آگے بڑھانے کے لیے، اسلام کے نام پر بعض دہشت گردوں کو مسلمانوں کے لیے بلائے جان بنا رکھا ہے لیکن تمام تر تفرقہ بازی اور سازشوں کے باوجود، اسلامی انقلاب اور حقیقی اسلام کا پیغام تیزی کے ساتھ پوری دنیا میں پھیلتا جا رہا ہے۔

آیت اللہ امامی کاشانی نے رہبر انقلاب اسلامی کی ذات گرامی کو ایران کے اسلامی نظام کے بقا کا ضامن قرار دیتے ہوئے کہا کہ آپ وہ شخصیت ہیں جو اسلام دشمنوں کی سازشوں سے پوری طرح آگاہ ہیں اور سامراجی طاقتوں کی پالیسیوں کو کھول کھول کر بیان کرتے ہیں۔

تہران کے خطیب جمعہ نے ساری دنیا کے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ یمن ، عراق اور شام سمیت اس خطے میں اسلام دشمنوں کی سازشوں کو کامیاب نہ ہونے دیں۔ انہوں نے یہ بات زور دیکر کہی کہ سعودی عرب کے پیٹرو ڈالروں کے ذریعے یمن، شام اور عراق میں جاری قتل عام دراصل صیہونیوں اور امریکہ کی پالیسی کے تحت انجام پا رہا ہے۔

آیت اللہ امامی کاشانی نے بحرین کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس ملک میں شیعہ علمائے کرام کو دبایا جا رہا ہے، مسجدیں بند اور عوام کو ایذائیں دی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی ملکوں کو اس جانب توجہ دینا چاہیے اور یہ سلسلہ بند کرانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

تہران کے خطیب جمعہ نے پاکستان میں شیعہ مسلمانوں کے خلاف حالیہ حملوں اور اہلسنت مسلمانوں اور عیسائیوں کے مظاہروں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے پاکستان کی حکومت سے اپیل کی کہ وہ اپنی کارکردگی پر نظرثانی اور ملک میں انتہا پسندی کو پھیلنے سے روکنے کی کوشش کرے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button