عراق

آیت اللہ العظمی سیستانی کا فتوی داعش کے خلاف جنگ میں سنگ میل ہے: عراقی صدر

عراق کے صدر فواد معصوم نے ملک کے عظیم مرجع تقلید آیت اللہ العظمی سیستانی کی جانب سے عوامی رضاکار فورس کے قیام کے تاریخی حکم کی قدردانی کی ہے۔

صدر فواد معصوم نے،عوامی رضاکار فورس حشدالشعبی کے قیام کے تاریخی فتوے کی دوسری سالگرہ کے موقع پر اپنے خطاب میں کہا ہے کہ مرجع تقلید آیت اللہ العظمی سیستانی کے اس حکم کے نتیجے میں داعش کی پیشقدمی رک گئی اور اس گروہ کی مذموم سازشوں کو ناکام بنا دیا۔

صدر فواد معصوم نے کہا کہ مراجعین کے فتوے ہمیشہ عراقیوں میں اتحاد کا باعث بنیں ہیں اور آیت اللہ العظمی سیساتی کا تاریخی فتوی داعش کے خلاف جنگ میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ عراقی صدر نے کہا کہ آیت اللہ العظمی سیستانی کا فتوی داعش کے زیر قبضہ علاقوں کی آزادی میں اہم ثابت ہو رہا ہے۔

عوامی رضاکار فورس کے سربراہ فالح فیاض نے اس موقع پر کہا کہ حشدالشعبی نے عالمی برادری میں عراق کا وقار بحال کیا ہے۔

اس تقریب میں صدرفواد معصوم کے علاوہ دیگر اعلی عراقی عہدیدار بھی شریک تھے۔

قابل ذکر ہے کہ عراق کی دینی قیادت نے جون دوہزار چودہ میں عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ ملک کے دفاع کی خاطر ہتھیار اٹھا لیں۔

عراق کی دینی قیادت کے فیصلے کے بعد عوامی رضاکار فورس حشد الشعبی کا قیام عمل میں آیا تھا جو عراق کے مختلف شہروں کو داعش کے قبضے سے آزاد کرانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button