ایران

سعودی حکومت ، مکہ و مدینہ کا انتظام چلانے کے لائق نہیں

تہران کے خطیب جمعہ نے کہا ہے کہ سعودی حکومت ، مکہ و مدینہ کا انتظام چلانے کے لائق نہیں ہے۔

تہران کی مرکزی نماز جمعہ کے خطبوں میں آیت اللہ سید احمد خاتمی نے رواں سال کے حج کے لیے ایرانی عازمین کی روانگی میں سعودی حکومت کی جانب سے کھڑی کی جانے والی رکاوٹوں پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ، حرمین شریفین کا انتطام اسلامی ممالک پر مشتمل ایک کمیٹی کے تحت چلایا جائے۔

آیت اللہ سیداحمد خاتمی نے یہ بات زور دے کر کہی کہ حرمین شریفین کے منتظمین کو سامراجی طاقتوں اور صیہونی حکومت کی پالیسیوں پر عمل نہیں کرنا چاہیے۔

تہران کے خطیب جمعہ نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ، ایسے حج کا خواہاں ہے جس میں ایرانی حجاج کرام کی توہین نہ کی جائے۔ انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ایرانی حجاج کرام ذلت کو ہر گز قبول نہیں کریں گے۔

آیت اللہ سید احمد خاتمی نے امریکہ کی ان سازشوں کی جانب بھی اشارہ کیا جو وہ ، ایران کے اندر اثرو رسوخ پیدا کرنے اور ایرانی معاشرے کو تقسیم کرنے کی غرض سے انجام دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سامراج کے خلاف استقامت اور مزاحمت کے ذریعے ان سازشوں کو ناکام بنایا جاسکتا ہے۔

تہران کے خطیب جمعہ نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ،اسلامی انقلاب کے نتیجے میں جس طرح سے ، مشرق کا سوشلسٹ نظام بکھر گیا عنقریب مغرب کا لبرل نظام بھی ناکام ہو جائے گا۔

آیت اللہ سید احمد خاتمی نے ایران کے خلاف دشمنوں کی سافٹ وار کی جانب سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ، عالمی سامراجی طاقتیں مسلط کردہ جنگ، پابندیوں اور پروپیگنڈے کے ذریعے جو مقاصد حاصل نہیں کرسکیں وہ سافٹ وار کے ذریعے حاصل کرنے کی ناکام کوشش کر رہی ہیں۔

تہران کے خطیب جمعہ نے مجتہدین کی کونسل مجلس خبرگان رہبری کے حالیہ انتخابات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ سامراجیوں کے ذرائع ابلاغ نے مذکورہ کونسل کو بدنام کرنے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگا دیا لیکن مجلس خبرگان کے ارکان نے آیت اللہ احمد جنتی کو سربراہ منتخب کر کے امریکہ اور برطانیہ کو زوردار طمانچہ رسید کیا ہے۔

آیت اللہ احمد خاتمی نے اسلامی انقلاب کے بانی حضرت امام خمینی رح کی برسی کی آمد کی جانب اشارہ کرتے ہوئے اسے پرشکوہ انداز سے منانے کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ امام خمینی رح عالم اسلام کے سچے مفکر اور فلسفی تھے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button