یمن

سعودی لڑاکا طیاروں کے حملے میں ایک ہی خاندان کے بارہ افراد شہید

جنوبی یمن کے صوبے لحج میں سعودی لڑاکا طیاروں کے حملے میں ایک ہی خاندان کے بارہ افراد شہید ہوگئے-

فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق  صوبہ لحج میں واقع شہر "الحوطہ” پر سعودی لڑاکا طیاروں کے حملے میں ایک ہی خاندان کے بارہ افراد لقمۂ اجل بن گئے- اسی طرح سعودی بمبار طیاروں نے  الجوف اور مآرب صوبوں پر بھی بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں دو افراد شہید اور دس دیگر زخمی ہوگئے- سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں کے حملے ایسی حالت میں جاری ہیں کہ کویت میں یمنی گروہوں کے سیاسی مذاکرات جاری ہیں لیکن سعودی عرب کے حمایت یافتہ وفد کی طرف سے مسلسل رکاوٹیں کھڑی کئے جانے اور مذاکرات کو باربار معطل کئے جانے کی وجہ سے کویت میں جاری مذاکرات کا کوئی نتیجہ نہیں نکل رہا ہے۔

واضح رہے کہ یمن کے بے گناہ شہری گذشتہ سال چھبیس مارچ سے، سعودی اتحاد کے وحشیانہ حملوں اور یمن کے محاصرے کی بناپر شہید ہو رہے ہیں۔ سعودی عرب، امارات اور بحرین نے چھبیس مارچ سے سابق اور مفرور صدر منصورہادی کو دوبارہ اقتدار میں واپس لانے کے لئے دیگر عرب ملکوں کے ساتھ اتحاد کرکے یمن پر تباہ کن حملے شروع کئے تھے اور ان حملوں میں اس غریب عرب ملک کی بنیادی تنصیبات کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ یمن پر جاری سعودی اتحاد کے حملوں میں اب تک ہزاروں افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں

متعلقہ مضامین

Back to top button