عراق

عراقی فوج کی پیشقدمی جاری،درجنوں داعشی دہشت گرد ہلاک

عراقی فوج نے الکرمہ شہر کو داعش دہشت گرد گروہ کے قبضے سے آزاد کرانے کے لئے آپریشن شروع کر دیا۔

خبروں کے مطابق عراقی فوج کے جوانوں نے الکرمہ شہر کو داعشی دہشت گردوں سے آزاد کرانے کے لئے مشرقی محاذ سے پیشقدمی کا آغاز کرتے ہوئے ہلکے اور بھاری ہتھیاروں سے داعش کے اگلے مورچوں کو نشانہ بنایا ہے۔

عسکری ذرائع کے مطابق عراقی فوج کے ابتدائی حملوں میں داعش گروہ کے بہت سے مورچے تباہ اور اس کے درجنوں عناصر ہلاک ہو گئے۔

عراقی فوج کے جوانوں نے الکرمہ کے کم سے کم چھے دیہات، دا‏عش کے قبضے سے آزاد کرا لئے۔

عراقی فوج نے دریائے دجلہ کی جانب سے بھی الکرمہ کی سمت پیشقدمی کی ہے۔ فوجی مبصرین کے مطابق الکرمہ کی آزادی کی صورت میں دریائے دجلہ اور شمال کی جانب سے فلوجہ کا محاصرہ مکمل ہو جائے گا۔

عراقی فوج کے ایک کمانڈر عماد الشیخانی کا کہنا ہے کہ عراقی فوج نے کم سے کم سترّ داعشی دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا اور ہمارے جوان تیزی کے ساتھ اپنے اہداف کی جانب پیشقدمی کر رہے ہیں۔

ایک اور اطلاع کے مطابق عراقی فوج نے فلوجہ کے حی المہندسین نامی علاقے میں داعشی دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر راکٹوں سے حملہ کیا ہے جس میں داعش دہشت گرد گروہ کے تین اہم سرغنہ اور بائیس دیگر عناصر ہلاک ہو گئے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button