پاکستان

صاحبزادہ فضل کریم کی تیسری برسی، ملک بھر میں تقریبات کا اہتمام

شیعیت نیوز: سنی اتحاد کونسل کے بانی چیئرمین صاحبزادہ حاجی محمد فضل کریم کی تیسری برسی ملک بھر عقیدت و احترام کیساتھ منائی گئی اور مختلف شہروں میں صاحبزادہ فضل کریم کی یاد میں اجتماعات منعقد کئے گئے اور مساجد میں قر آن خوانی کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر سنی اتحاد کونسل کے عہدیداران و کارکنان نے چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا کی قیادت میں صاحبزادہ فضل کریم کے مزار پر اجتماعی حاضری دی اور ان کا مشن جاری رکھنے کا عہد کیا۔ برسی کی مرکزی تقریب جامعہ رضویہ فیصل آباد میں منعقد ہوئی جس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے کہاکہ صاحبزادہ حاجی محمد فضل کریم زندگی کی آخری سانس تک دہشتگردی کیخلاف آواز بلند کرتے رہے، وہ حریت فکر کے مجاہد تھے، صاحبزادہ فضل کریم اہل حق کے دلیر اور بے باک رہنما تھے، ان کے مشن کی تکمیل تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ مفتی محمد حسیب قادری نے المرکز الاسلامی شادباغ لاہور میں منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی میں طالبانائزیشن کیخلاف سب سے پہلی آواز صاحبزادہ حاجی محمد فضل کریم نے بلند کی، قومی اسمبلی اور صوبائی وزیر کی حیثیت سے صاحبزادہ فضل کریم نے شاندار خدمات سر انجام دیں۔ سنی اتحاد کونسل بلوچستان کے صدر مولانا وزیرالقادری نے کوئٹہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صاحبزادہ حاجی محمد فضل کریم کی دینی و قومی خدمات تاریخ کا روشن باب ہیں، صاحبزادہ حاجی محمد فضل کریم سفیر امن اور سفیر عشق رسول تھے، ان کی زندگی کا ہر لمحہ نظام مصطفی کے نفاذ اور مقام مصطفی کے تحفظ کیلئے وقف رہا۔ مفتی فضل جمیل رضوی نے پشاور میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتہا پسندی اور دہشتگردی کیخلاف صاحبزادہ حاجی محمد فضل کریم کی جرأت مندانہ جدو جہد ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ صاحبزادہ حاجی محمد فضل کریم محدث اعظم پاکستان کے قابل فخر بیٹے تھے۔ وہ زندگی بھر اسلام اور پاکستان کے دشمنوں کے خلاف ننگی تلوار کی طرح تھے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button