پاکستان

‘راہداری منصوبے کے خلاف افغانستان میں’ را‘ کا خصوصی سیل قائم ہے، سیکرئٹری دفاع

شیعیت نیوز: سیکریٹری دفاع جنرل (ر) عالم خٹک نے انکشاف کیا ہے کہ ہندوستان کی خفیہ ایجنسی ‘را’ نے پاکستان کے اقتصادی راہداری منصوبے کے خلاف خصوصی سیل قائم کررکھا ہے۔

سینیٹر مشاہد حسین سید کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے سیکریٹری دفاع نے بتایا کہ افغانستان میں موجود 7 میں سے 3 ہندوستانی قونصل خانے، جو مزار شریف، قندہار اور جلال آباد میں ہیں، پاکستان مخالف سرگرمیوں کے لیے متحرک ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ہندوستانی قونصل خانے پاکستان میں وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقے فاٹا، صوبہ بلوچستان اور کراچی میں تخریبی سرگرمیوں کے لیے اپنے ایجنٹس کو بھرپور سپورٹ فراہم کررہے ہیں۔

دفاعی حکام کا کہنا تھا کہ افغانستان میں قائم ہندوستانی قونصل خانے فاٹا، صوبہ بلوچستان اور کراچی میں جعلی شناختی کارڈ کی تیاری میں بھی ملوث ہیں۔

بریفنگ میں دفاعی حکام کا کہنا تھا کہ ہندوستانی قونصل خانے ‘را’ کے ایجنٹس کو اسلحہ، مالی معاونت اور تربیت بھی فراہم کررہے ہیں۔

سیکریٹری دفاع نے بتایا کہ افغانستان کے خفیہ ادارے این ڈی ایس اور ہندوستان کی خفیہ ایجنسی ‘را’ مشترکہ طور پر پاکستان کے خلاف خفیہ آپریشنز کر رہے ہیں اور افغانستان کے خفیہ ادارے این ڈی ایس کے ہیڈکوارٹرز میں ‘را’ کا خصوصی سیل بھی قائم ہے۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کو بتایا گیا کہ پاک-چین اقتصادی راہداری کو نقصان پہنچانے کے لیے ‘را’ نے اپنے ہیڈکوارٹرز میں خصوصی سیل قائم کردیا ہے، جو افغانستان کے ذریعے پاکستان میں متحرک ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button