مشرق وسطی

امریکہ بحرین میں انسانی حقوق کی پامالی سے متعلق اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کرے

بحرین کی انسانی حقوق کی تنظیم نے امریکہ سے کہا ہے کہ وہ بحرین میں انسانی حقوق کی پامالی کی صورت حال کے بارے میں اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کرے۔

بحرین کی انسانی حقوق سے متعلق تنظیم نے اپنے بیان میں امریکی وزیر خارجہ جان کیری کے دورہ منامہ کے ردعمل میں امریکی حکومت سے کہا ہے کہ وہ بحرین میں انسانی حقوق کی پامالی کے بارے میں اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کرے ۔ بیان میں امریکی حکومت سے کہا گیا ہے کہ وہ شریف بسیونی تحقیقاتی کمیٹی کی سفارشات پر عمل کرانے کے لئے بحرینی حکام سے سختی سے پیش آئے۔ واضح رہے کہ شریف بسیونی تحقیقاتی کمیٹی نومبر دو ہزار گیارہ میں بحرینی شاہ کے حکم پر بنائی گئی تھی۔ اس کمیٹی کو ذمہ داری سونپی گئی تھی کہ وہ عام شہریوں کو ایذائیں دینے والے شاہی حکومت کے عہدیداروں کا پتہ لگا کر ان کے سلسلے میں اپنا فیصلہ سنائے اور شاہی حکومت کی جیلوں اور جیلوں سے باہر ہونے والی انسانی حقوق کی پامالی کی بھی نشاندہی کرے۔ بحرین کی انسانی حقوق کی تنظیم کے بیان میں کہا گیا ہے کہ آل خلیفہ حکومت پر عالمی دباؤ نہ پڑنے کی وجہ سے ہی انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کا ارتکاب کرنے میں یہ حکومت اور زیادہ گستاخ ہوئی ہے۔ بحرین میں فروری دو ہزار گیارہ سے شاہی حکومت کے ظالمانہ اور تفریق آمیز اقدامات کے خلاف عوام کے پرامن مظاہرے جاری ہیں جن کے دوران شاہی حکومت کے کارندوں اور سعودی فوجیوں کے ہاتھوں اب تک سیکڑوں عام شہری شہید اور زخمی ہو چکے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button