پاکستان

دفتر خارجہ کا ہندوستان کو پاکستان میں خفیہ سرگرمیاں روکنے پر زور

شیعیت نیوز: پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے خفیہ ایجنسی ’را‘ کی سرگرمیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ہندوستان، پاکستان میں اپنی خفیہ سرگرمیاں فوری بند کرے۔

دفتر خارجہ میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ کلبھوشن یادیو تک ہندوستان نے قونصلر رسائی مانگی ہے، ہندوستانی درخواست پر قونصلر رسائی کے 2008 کے معاہدے کے مطابق غور کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کلبھوشن یادیو کے اعترافی بیان کی بنیاد پر پاکستان سے کلبھوشن نیٹ ورک کے لوگوں کی گرفتاریاں ہو رہی ہیں، پاکستان کو ’را‘ کی سرگرمیوں پر تشویش ہے اور ہندوستان، پاکستان میں اپنی خفیہ سرگرمیاں فوری بند کرے۔

واضح رہے کہ تقریباً دو ہفتے قبل حساس اداروں نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے بلوچستان سے ہندوستانی نیوی کے حاضر سروس افسر کی گرفتار کیا تھا۔

سیکیورٹی اداروں کے مطابق گرفتار افسر کا تعلق ’را‘ سے ہے اور اس نے اپنا نام کلبھوشن یادیو بتایا۔

ن کا کہنا تھا کہ پاک ۔ ہند سیکریٹری خارجہ کی ملاقات کے حوالے سے معاملات طے ہو رہے ہیں اور دونوں ممالک کے حکام اس حوالے سے رابطے میں ہیں۔

نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ کلبھوشن یادیو کی ایرانی صدر کے دورہ پاکستان کے روز گرفتاری پہلے سے کی گئی کسی منصوبہ بندی کا حصہ نہیں بلکہ محض ایک اتفاق ہے۔

ایران کے صدر کے دورے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ حسن روحانی کا دورہ کامیاب رہا۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان سیکیورٹی معاملات پر تعاون کا طریقہ کار موجود ہے، جبکہ پاک ۔ ایران سیکیورٹی کمیٹی میں دونوں ممالک کے داخلہ سیکرٹریز شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی صدر حسن روحانی نے دورہ پاکستان میں اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ایران، پاکستان کی سیکیورٹی کو اپنی سلامتی سمجھتا ہے۔

یاد رہے کہ ایرانی صدر 25 مارچ کو دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچے تھے، جس دوران دونوں ممالک میں مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا تھا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button