عراق: کربلا میں دہشت گردانہ حملہ ناکام بنا دیا گیا
عراق کی المسلہ ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق صوبہ کربلا کی خفیہ ایجنسی کے اہلکاروں نے دہشت گرد گروہ داعش کے متعدد ایسے عناصر کو گرفتار کر لیا ہے جو کربلا میں ایک پولیس چوکی کے قریب کار بم دھماکہ کرنا چاہتے تھے۔
دریں اثناء کربلا میں ملک کی سیاسی اور مذہبی شخصیات کا ایک اہم اجلاس ہوا جس میں وزیر اعظم حیدر العبادی نے بھی شرکت کی اور ہمہ گیر اصلاحات کے مقصد سے نقشہ راہ پیش کیا۔ عراق کی بدر تنظیم نے بھی کہا ہے کہ عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی نے صوبہ الانبار میں واقع رمادی شہر کے مغرب میں دسیوں کلومیٹر کا علاقہ دہشت گرد گروہ داعش سے آزاد کرا لیا ہے۔
دوسری جانب عراق کے صوبہ بابل کے شہر حلہ میں کئے جانے والے دہشت گردانہ حملے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد ساٹھ ہوگئی ہے۔ اس حملے میں ستّر سے زیادہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔
اتوار کے دن حلہ شہر میں ٹرک بم دھماکہ کیا گیا۔ اس ٹرک میں پانچ سو کلو گرام دھماکہ خیز مواد نصب کیا گیا تھا۔ دہشت گرد گروہ داعش نے اس حملے کی ذمے داری قبول کر لی ہے۔