ایران

ایران آٹومبیل کی صنعت میں دوسرے ملکوں کے ساتھ تعاون کا خیرمقدم کرتا ہے: صدر مملکت

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے آج منگل کے روز تہران میں آٹومبیل صنعت کی تیسری بین الاقوامی کانفرنس میں کہا کہ گاڑیوں کی قیمت میں کمی اور کوالٹی میں اضافہ صرف عالمی منڈیوں میں موجودگی سے ہی ممکن ہے۔ انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایران میں آٹومبیل صنعت کی ترقی کا راستہ کھل گیا ہے اور ایرانی عوام کا اطمینان حکومت کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے۔ صدر مملکت نے اسی طرح اس بات زور دیتے ہوئے کہ ماحولیات پر توجہ آٹومبیل صنعت کی ترجیح ہونی چاہیے، کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران مشترکہ تحقیق، پیداوار اور برآمدات کے لیے گاڑیاں بنانے والی غیرملکی کمپنیوں کا خیرمقدم کرتا ہے۔ انھوں نے یہ بات بیان کرتے ہوئے کہ کئی سال کی غیرقانونی اور ظالمانہ پابندیوں نے ایران کی صنعت اور ترقی و پیشرفت کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کیں اور اس میں خلل ڈالا، مزید کہا کہ منطق کے ساتھ دنیا کو بتانا ضروری تھا کہ ایرانی عوام امن پسند، امن دوست اور دنیا کے لوگوں کے ساتھ تعاون کے خواہاں ہیں۔

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے اسی طرح چھبیس فروری کو ہونے والے مجلس شورائے اسلامی اور مجلس خبرگان کے انتخابات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ جس ملک میں انتخابات اور بیلٹ بکس نہیں ہیں اور جہاں عوام ووٹ کے ذریعے اپنی تقدیر کا فیصلہ نہیں کرتے وہ زندہ دل اور متحرک معاشرے کا حامل نہیں ہو گا۔

ایران کی آٹومبیل صنعت کی تیسری بین الاقوامی کانفرنس پیر کے روز تہران میں شروع ہوئی جس میں تین سو ترسٹھ ایرانی کمپنیاں اور دنیا کے تئیس ملکوں سے ایک سو سینتیس غیرملکی کمپنیاں شریک ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button