پاکستان

کرپٹ مافیا سے ڈیل اور ڈھیل کا رویہ ختم ہونا چاہیئے، صاحبزادہ حامد رضا

سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ نیب کے پر کانٹے والوں کے پر کٹ جائینگے، زرداری اور نواز شریف نیب کو غیر مؤثر بناکر لوٹ مار کا لائسنس حاصل کرنا چاہتے ہیں، کرپٹ مافیا سے ڈیل اور ڈھیل کا رویہ ختم ہونا چاہیئے، ایوانوں میں بیٹھے کرپٹ افراد کا احتساب نا گزیر ہو چکا ہے، مارچ کا مہینہ حکومت کیلئے پل صراط ثابت ہو گا، دوسروں کا احتساب حلال اور اپنا حرام کا فارمولا نہیں چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف متفقہ قومی بیانیہ کی تشکیل وقت کی اہم ضرورت ہے، پاکستان کو ایک مضبوط اور بالا دست احتسابی ادارے کی ضرورت ہے جو ہر وقت بد انتظامی پر نظر رکھے اور مجرموں کو پکڑے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ 375 بلین ڈالرز لوٹ کر بیرونی بینکوں میں جمع کروانے والے لٹیرے عوامی خوشیوں کے قاتل ہیں، دہشتگردی سکولوں کی دیواریں اونچی کرنے سے نہیں حکومتی اداروں میں موجود دہشتگردوں کے ہمدردوں کو پکڑنے سے ختم ہو گی۔ انہوں نے کہاکہ مودی نے نفرت کی پالیسی جاری رکھی تو بھارت میں جلد خانہ جنگی کا آغاز ہو جائے گا، عالمی برادری ہندو انتہا پسندی کا نوٹس لے، احتساب کے ادارے پر حکومتی کنٹرول منصفانہ احتساب کے راستے کی رکاوٹ ہے، غربت اور بیروزگاری کی وجہ سے ہونیوالی خودکشیوں کی ایف آئی آر حکمرانوں کیخلاف درج ہونی چاہیئے، غریب لوگ دو وقت کی روٹی کیلئے پریشان ہیں اور حکومت قومی خزانہ اورنج ٹرین اور میٹرو جیسے نمائشی منصوبوں پر پیسہ لٹا رہی ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button