اہلسنت جماعتوں نے تعلیمی اداروں پر تبلیغی جماعت پر پابندی کی حمایت کردی
شیعیت نیوز: جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے تعلیمی اداروں میں تبلیغی جماعت کے داخلے پر پابندی کا خیر مقدم کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ نصاب تعلیم کو اسلامی بنایا جائے، کسی بھی مسلک یا مذہب کی تبلیغی جماعت کو اجازت دینے سے دوسرے بھی مقابلے میں آئیں گے، جیسا کہ ہو رہا تھا اور انتہا پسندی جنم لے رہی تھی۔ لاہور میں علما کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ تبلیغی جماعت دیوبندی مکتبہ فکر کی نمائندگی کرتی ہے جبکہ دعوت اسلامی بریلوی مسلک سے تعلق رکھتی ہے، اس لئے تبلیغی جماعت کو غیر فرقہ وارانہ کہنا درست نہیں۔ انہوں نے متوجہ کیا کہ دعوت اسلامی کو 2008ء سے ملتان میں سالانہ تبلیغی پروگرام بھی منعقد کرنے نہیں دیا جا رہا ہے جبکہ رائیونڈ کا اجتماع 3 دن سے اب 6 دنوں کا ہو چکا ہے اور اس کیلئے خصوصی اقدامات سرکاری سطح پر کئے جاتے ہیں۔ تعلیمی اداروں میں تبلیغی جماعت پر پابندی عائد کرنے کا حکومتی اقدام قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں بیرونی مداخلت نہیں ہونی چاہیے، اساتذہ کو یہ کام خود کرنا چاہیے، سکولوں ، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں پڑھایا جانے والا نصاب تعلیم اسلامی ہونا چاہیے، جس سے بیرونی مداخلت کو روکا جا سکے گا، اگر ایک مکتبہ فکر کو اجازت دی جائے گی تو دوسرے بھی مقابلے میں یہی کام کریں گے تو اس سے فرقہ وارانہ جذبات پیدا ہوں گے، جس سے تعلیمی اداروں کو پاک رکھنا ضروری ہے۔