پاکستان

اسلامی تحریک کی گلگت بلتستان حکومت میں شمولیت کا امکان ہے، مقامی اخبار کا دعویٰ

گلگت بلتستان کے ایک مقامی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت، اقتصادی راہداری اور ٹیکسز کیخلاف گلگت بلتستان کے عوامی ردعمل کے پیش نظر حکومتی پارٹی کے اہم ذمہ داروں نے اسلامی تحریک پاکستان کو حکومت کا حصہ بنانے کی ٹھان لی ہے۔ انکی رپورٹ کے مطابق جی بی کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر حکومتی پارٹی مسلم لیگ نون نے اپنے کارکنوں سے بوجھ ہلکا کرنے کیلئے اسلامی تحریک پاکستان کو حکومتی حصہ بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ مذکورہ اخبار کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ اسلامی تحریک کے بعض ممبران اسمبلی کو میں اہم وزارت دی جائیگی، اس سلسلے میں مسلم لیگ نون کے ذمہ داروں کی اسلامی تحریک کیساتھ میٹنگ جاری ہے، جبکہ اسلامی تحریک کے اعلٰی حکام نے اسکردو سے گلگت بلتستان کے صوبائی صدر سید عباس رضوی اور گلگت سے شیخ مرزا علی کو اسلام آباد طلب کرلیا ہے۔ ان کا یہ بھی دعویٰ ہے یہ اہم فیصلہ گلگت بلتستان کونسل کے انتخابات سے پہلے طے ہوجائے گا۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ اسلامی تحریک پاکستان حکومتی حصہ بن کر آئینی حقوق کا تعین، اکنامک کوریڈور میں حصہ اور ٹیکسز کے نفاذ کےخلاف عوامی مزاحمت کا مقابلہ کرے گی یا خود اس عوامی مزاحمت کا حصہ رہے گی۔

گلگت بلتستان کے انتخابات کے فوراََ بعد حکومت سازی کے وقت امکان تھا کہ لیگی حکومت گلگت بلتستان میں غیرجانبدار بننے اور اپنی مشکلات کو کم کرنے کیلئے اسلامی تحریک کو حکومت کا حصہ بنائے گی، لیکن واضح برتری کے غرور نے مسلم نون کی بلاشرکت غیرے حکومت بنانے پر مجبور کیا اور لیگی رہنماء حکومت سازی کے وقت بیانات داغتے رہے کہ مسلم لیگ نون کو گلگت بلتستان میں حکومت کرنے کے لیے کسی بیساکھی کی ضرورت نہیں ہے، اب جبکہ ہر طرف سے مشکلات نے مسلم لیگ نون کی صوبائی حکومت کو گھیر لی ہے، تو مذہبی جماعتوں کی بیساکھی استعمال کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اس معاملے پر اسلامی تحریک گلگت بلستان کے سیکرٹری اطلاعات سے رابطہ کیا تو انہوں نے اس خبر کی تردید یا تصدیق کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی تحریک حکومت کا حصہ بنے یا باہر بیٹھے آئینی حقوق کے تعین، اکنامک کوریڈور اور دیگر خطے کے مسائل پر کبھی عوام کے ساتھ دھوکہ نہیں کرے گی اور گلگت بلتستان پانچواں صوبہ کا نعرہ ملک میں سب سے پہلے اسلامی تحریک نے بلند کیا ہے اور اب اسلامی تحریک ہی کی کوششوں سے یہ مشکل کام آسان ہوگا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button